جمعرات , 18 اپریل 2024

امریکا نے پورے خطے کی سلامتی کو خطرے سے دوچار کردیا ہے ، ایرانی اسپیکر

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ امریکی عوام ایک بے غیرت اور بے عزت سیاسی مافیا کے جال میں پھنس گئے ہیں جسے اپنے بیانات کے نتائج کا کوئی اندازہ نہیں ہوتا۔ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اتوار کو پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں سفارتکاری سے استفادے کے بارے میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیئو کے تازہ بیان کے بارے میں کہا کہ ایک ایسے ملک کا وزیرخارجہ یہ بیان دے رہا ہے جس نے اقتصادی دہشت گردی کے ذریعے بقول خود امریکی حکام کے ایرانی عوام کے خلاف شدید ترین پابندیاں عائد کی ہیں۔ ایرانی اسپیکر نے کہا کہ امریکی حکام نے اقتصادی دہشت گردی کے ذریعے ایک انقلابی قوم کو نشانہ بنایا ہے کیا یہ سفارتی اقدام ہے؟

انہوں نےسوال کیا کہ یمن کے مظلوم عوام کے خلاف سعودی عرب کو ہتھیاروں سے لیس کرنا کون سا سیاسی اقدام ہے؟ کیا فلسطین کی شجاع اور بہادر قوم کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے لئے امریکا کی ہمہ جانبہ فوجی حمایت ایک سیاسی عمل ہے؟ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بحیرہ عمان میں آئیل ٹینکروں کو پیش آنے والے مشکوک حادثے کے بارے میں کہاکہ یہ اقدام بھی اقتصادی پابندیوں کے ہی دائرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ امریکا اقتصادی پابندیاں عائد کرکے کچھ حاصل نہیں کرسکا تو وہ اس طرح کے حربے استعمال کررہا ہے کیونکہ امریکا اس طرح کے اقدامات ماضی میں بھی انجام دے چکا ہے اوراس نے عالمی جنگ کے دوران جاپان کے قریب اپنے ہی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا تھا اور یوں اس نے جاپان پر حملے کا بہانہ تیار کیا تھا۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے جاپانی وزیراعظم سے ملاقات میں رہبرانقلاب اسلامی کے مدبرانہ اور عزت مندانہ بیان کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پوری ہوشیاری اور متین استدلال کے ذریعے امریکی سامراج کے بے شمار مظالم کے مقابلے میں ایرانی عوام کی منطق کو بیان کیا۔ اس درمیان پارلیمنٹ کے اسپیکر نے فرانسیسی پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی کےکمیشن کی سربراہ سے تہران میں اپنی ملاقات میں کہا کہ فرانس نے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے تعلق سے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی پارلیمان کے اراکین اس سلسلے میں فیصلے کرنے کے تعلق سے اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔

ایران کے نائب وزیرخارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات سید عباس عراقچی نے بھی فرانسیسی پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی کےکمیشن کی سربراہ ماریل دی سارنز سے ملاقات میں کہ امریکا کی اقتصادی دہشت گردی نے پورے خطے کی سلامتی کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ مغربی ایشیا میں پائے جانے والی مشکلات اور بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے تعلق سے سفارتکای کا واحد کامیاب تجربہ ہے۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نے اس معاہدے سے نکل کرسفارتکاری اور چند قطبی نظام کے رجحان کو خطرات سے دوچار کردیا ہے۔

فرانسیسی پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی کےکمیشن کی سربراہ ماریل دی سارنز نے بھی اس ملاقات میں بھی کہا کہ ایٹمی معاہدہ کامیاب سفارتکاری کا بہترین نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور سب کو چاہئے کہ وہ معاہدے کو باقی رکھنے کے لئے اپنی پوری کوشش کریں۔ انہوں نے علاقے میں ایران کی اہم پوزیشن کا ذکرکرتے ہوئے علاقائی اور عالمی مسائل میں ایران کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت کو ضروری قراردیا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …