جمعہ , 19 اپریل 2024

وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ کی ملاقات،حکمران جماعت سنجرانی کے ساتھ ہے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کی منصوبہ بندی کی اطلاعات سامنے آنے پر انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کو اس بات کا یقین دلایا کہ اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی کوئی قرار داد لائی گئی تو حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صادق سنجرانی کا ساتھ دے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے مطالبہ کیا تھا کہ اگر دونوں اپوزیشن جماعتیں حکومت مخالف تحریک چلانے کے لیے سنجیدہ ہیں تو سب سے پہلے چیئرمین سینیٹ کو ان کے عہدے سے ہٹائیں، جس کے ایک روز بعد ہی وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ کی ملاقات ہوئی۔

اے این پی رہنما زاہد خان نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا تھا کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے، ان کا کہنا تھا کہ ’اگر چیئرمین سینیٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو عوام مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری پر بھروسہ نہیں کریں گے۔

قبل ازیں جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت مخالف حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے آئندہ ہفتے کثیر الجماعتی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ صادق سنجرانی پاکستان پیپلز پارٹی کے رضا ربانی کے عہدے کی مدت پوری ہوجانے کے بعد چیئرمین سینیٹ بنے تھے۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ظفرالحق کے 46 ووٹوں کے مقابلے میں 57 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی، حالانکہ مسلم لیگ (ن) نے پی پی پی کو رضا ربانی کو دوبارہ چیئرمین سینٹ کا امیدوار نامزد کرنے کی صورت میں حمایت کی پیشکش کی تھی۔تاہم پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اس پیشکش کو ٹھکرادیا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ پی پی پی اور پی ایم ایل این کے رہنماؤں کے مابین ہونے والی حالیہ ملاقات میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ایوانِ بالا کے چیئرمین صادق سنجرانی کو ہٹانے کی منصوبے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔

خیال رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) حکمران اتحاد کا حصہ ہونے کے باوجود اپوزیشن پارٹی کے اجلاسوں میں شرکت کررہی ہے، انہیں شکوہ ہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ برس حکومت کی تشکیل کے لیے اگست میں جو 6 نکاتی سمجھوتہ کیا تھا اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …