ہفتہ , 20 اپریل 2024

حکومتی اتحادی بی این پی اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کرے گی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اخترمینگل کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اے پی سی کے لئے دعوت دی ہے بطور سیاسی جماعت اےپی سی میں شرکت کریں گے۔ حکومت کی اہم اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے اور کہا ہے کہ اے پی سی میں بطور سیاسی جماعت شرکت کریں گے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش پہنچ گئے، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور بجٹ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امید ہے آئندہ ہفتے اے پی سی کا انعقاد ہوجائے گا، اپوزیشن قیادت کے جیلوں میں ہونے کی وجہ سے ہی اے پی سی جلدی ہو رہی، اختر مینگل نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت کا مثبت جواب دیا جس کے لئے شکرگزار ہوں۔

بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکومت بننے سے پہلے چھ نکات پی ٹی آئی کے سامنے رکھے تھے، ابھی تک ان نقاط پر عمل نہیں ہوا، اور حکومت کی جانب سے صرف تسلیاں ہی دی گئیں، ہمارا سب سے اہم مسئلہ لاپتہ افراد کی بازیابی ہے۔اخترمینگل کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اے پی سی کے لئے دعوت دی تھی، بطور سیاسی جماعت اے ہی سی میں شرکت کریں گے، ملکی سیاست میں ہمارا بھی کردار اور ذمہ داریاں ہیں، اور اس حوالے سے جلد ہی پارٹی کی میٹنگ بلا کر مولانا کو مثبت جواب دیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …