اتوار , 21 جولائی 2019

ملک میں پراپرٹی کی قیمتیں کم ہونے والی ہیں، چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک میں پراپرٹی کی قیمتیں کم ہونے والی ہیں۔ اسلام آباد میں اسد عمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں سود سے پاک معاشی نظام اور اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سود سے پاک نظام کی طرف بتدریج پیش رفت کی جائے اور تمام سرکاری اداروں کے اکاوٴنٹ اسلامی بینکوں میں رکھے جائیں، یہ سود سے پاک نظام کی جانب پہلا بڑا قدم ہوگا۔ ایم ایم اے کے مولانا اکبرچترالی کاکہنا تھا کہ ملک میں سودی بنکاری کا خاتمہ کیا جائے۔ قائمہ کمیٹی نے اسٹیٹ بینک سے سود سے پاک نظام کے لیے گیم پلان طلب کر لیا۔ سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک اس حوالے سے سفارشات پیش کرے۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے رقم کا حصول مقصد نہیں، پہلے آمدن کے ذرائع نہیں پوچھ سکتے تھے، اب بیرون ملک سے جو بھی 50 لاکھ سے زیادہ پاکستان بھیجے گا اس آمدن کے ذرائع پوچھے جاسکیں گے، پوچھ گچھ کے لئے حد کو ایک کروڑ سے کم کرکے 50لاکھ کردیا ہے۔

شبر زیدی نے کہا کہ سفید دھن سے پراپرٹی کے خریدار کم ہوجائیں گے اور ملک میں پراپرٹی کی قیمتیں کم ہو جائیں گی، جب پراپرٹی کی قیمتیں کم ہوں گی تو بیچنے والے بھی کم ہوجائیں گے، پراپرٹی کی قیمتیں مارکیٹ ویلیو کے قریب لاچکے ہیں۔

قبل ازیں فاروق نائیک کی زیر صدارت ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بھی چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے فنانس بل 2019-20 پر بریفنگ دی اور بتایا کہ گزشتہ 40 سال میں 40 ارب ڈالرز کی منی لانڈرنگ ہوئی، فارن کرنسی سے متعلق قوانین میں سہولت کی وجہ سے پیسہ بیرون ملک منتقل ہوا، منی چینجرز اور ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے بھی پیسہ بیرون ملک گیا۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ 2001 میں مشرف دور میں قوانین میں نرمی کی گئی تاہم 2018 میں ترمیم کرکے نان فائلرز کیلئے سختی کر دی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں نے گھروں میں غیرملکی کرنسی رکھی ہے، گھروں میں فارنسی کرنسی کی روک تھام کے لئے فورس بنا رہے ہیں جس میں خواتین بھی شامل ہوں گی تاہم گھروں پر چھاپے مارنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان میں ہونڈا نے گاڑیوں کی پیداوار روک دی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں حالیہ ہفتوں میں روپے کی قدر میں کمی، بجٹ میں نئے …