جمعرات , 25 اپریل 2024

قومی اسمبلی: اپوزیشن نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا، مخالفت کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے تحریک انصاف حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے وفاقی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے ڈٹ کر مخالفت کرنے کا اعلان کردیا۔ساتھ ہی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا کہتے ہوئے اسمبلی میں ان کی موجودگی یقینی بنانے کا مطالبہ دہرادیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں جاری ہے اور تقریباً 3 روز کی ہنگامہ آرائی کے بعد آج اسمبلی اجلاس کا ماحول بہتر رہا اور اپوزیشن اراکین نے اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔اجلاس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اس ملک کے صدر رہے ہیں، انہوں نے 11 سال جیل میں گزارے لیکن وہ ہر کیس میں بری ہوئے اور ہم آج بھی ہر فورم پر لڑ رہے ہیں اور آصف زرداری بری ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوابشاہ، لاہور، جنوبی و شمالی وزیرستان کے عوام کو کیسے اس بجٹ عمل سے باہر رکھ سکتے ہیں، جو سب چل رہا ہے وہ جمہوریت اور اس ایوان کی توہین ہے، افسوس کے ساتھ یہ محسوس ہورہا ہے کہ اسپیکر کی کرسی سے جو وعدے کیے گئے ہیں وہ پورے نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ میں پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ ہمارا حق اور ایوان کی روایت پورا کرتے ہوئے آصف زرداری اور دیگر گرفتار اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کے اظہار خیال کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے طویل خطاب کیا اور ماضی کی کارکردگی اور موجودہ حکومت کے بجٹ پر گفتگو کی۔

تحریک انصاف حکومت کا بجٹ عوام دشمن ہے، شہباز شریف
اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے کہا کہ خدا خدا کرکے یہ موقع آیا کہ ہم ایک دوسرے کی بات سنیں، گزشتہ دنوں میں ایوان کا جو وقت ضائع ہوا وہ اس ایوان کے منافی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ سابق صدر اور لاڑکانہ سے منتخب آصف زرداری، لاہور کے ایم این اے خواجہ سعد رفیق، محسن داوڑ اور دیگر گرفتار 4 رکن اسمبلی اس ایوان کے معزز رکن ہیں، لہٰذا ان کی ایوان میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اراکین اپنے علاقوں سے لاکھوں ووٹ لے کر ان کی ترجمانی کے لیے ایوان میں آئے ہیں، بجٹ سیشن وہ موقع ہے کہ جب ان تمام اراکین کی موجودگی ضروری ہے اور یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ ان کی موجودگی یقینی بنائیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں عوام کے اصلی ووٹوں سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت منتخب ہوئی تو پہلا چیلنج بجلی کی لوڈشیڈنگ تھی جو جنرل مشرف کے دور سے چلی آرہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف نے کچھ مشینیں رکھ کر فیتا کاٹ کر کہا کہ میں نے بھاشا ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ قوم جانتی تھی کہ سنگ بنیاد دور کی بات ہے بلکہ اس کی زمین کے لیے ایک دمڑی تک مہیا نہیں کی گئی تھی، صرف لوگوں کو ورغلانے اور دھوکے کے ساتھ اس ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی کوشش کی لیکن عوام نے انتخابات نے انہیں مسترد کردیا جبکہ اسی طرح پاکستان کے لیے ضروری منصوبوں پر بھی کوئی کام نہیں ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب ہمیں ذمہ داری سونپی گئی تو بجلی کا بحران ایک چیلنج تھا اور میں نے جذبات میں آکر کہا کہ اللہ نے ہمیں موقع دیا تو ہم 6 ماہ میں بجلی کا مسئلہ ختم کردیں گے کیونکہ یہ میری خواہش تھی، تاہم اللہ نے ہماری مدد کی لیکن پی ٹی آئی کی اپوزیشن نے بدترین افراتفری اور سازش کا جال بنا، اس کی گواہی پوری قوم دے گی کہ کس طرح 7 مہینے ڈی چوک پر افراتفری کا ماحول رہا اور ملکی معیشت کو منفی ہتھکنڈوں سے تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستمبر 2014 میں چینی صدر پاکستان آرہے تھے اور حکومت نے کوشش کی کہ ان کا دورہ ہوجائے اور پی ٹی آئی کی اپوزیشن کے تمام سازشوں، افراتفری، منفی ہتھکنڈوں کے باوجود درخواست کی گئی کہ 3 دن کے لیے ڈی چوک سے اٹھ جائیں لیکن بات نہیں مانی گئی اور چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوگیا۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ چینی صدر کے دورے کو ملتوی کروانے کا پی ٹی آئی کا فیصلہ ملک دشمنی کے مترادف تھا یہ وہ وجوہات تھیں جس کی وجہ سے ہمیں یہ چیلنجز قبول کرنے پڑے اور پھر چینی صدر کا دورہ 7 ماہ کی تاخٰیر سے ہوا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں پاکستان کے چند دوست ہیں، سعودی عرب، ترکی، چین ہمارے بہترین دوستوں میں شامل ہوتے ہیں لیکن اس دور میں جب دہشت گردی، افراتفری اور بجلی کے بحران نے پنجے گاڑ رکھے تھے اس وقت چین ہماری مدد کو آیا اور نواز شریف کے ساتھ مل کر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا معاہدہ کیا اور اس کے ذریعے 60 ارب ڈالر پاکستان کے حوالے کیے اور ملک میں منصوبے بنائے گئے۔

اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ عوام کے لیے مایوسی، انہیں اندھیرے میں ڈالنے کا پیغام، روزگار چھینے، بیواؤں کا رزق چھینے، مریضوں کی دوائی چھینے، طالبعلموں کا حق چھیننے آیا ہے، ہم اس عوام اور پاکستان دشمن بجٹ کو فی الفور رد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ ظلم کی تلوار ہے جو معاشی طور پر عام آدمی کی گردن کاٹنے کے لیے آیا ہے، یہ کسان کی روٹی اس سے چھیننا چاہتا ہے، اگر عوام کی خیر خواہی کے لیے بجٹ بنانا ہوتا تو یہ 5 شعبوں پر توجہ لازمی ہونی چاہیے تھی، جس میں سب سے پہلے نوجوانوں کے لیے ملازمت کو دیکھتے، مہنگائی کو اور کم کرتے، جی ڈی پی کو بڑھاتے، کاروبار اور برآمدات کو بڑھاتے اور سماجی اور معاشی انصاف کو دیکھنا چاہئے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں یہ 5 اہم شعبے غائب ہیں اور یہ بجٹ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مشاورت سے نہیں بنا بلکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے بنایا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پے رول پر پاکستان کے اہم اداروں میں بٹھائے گئے لوگوں کو کیا پتہ کہ یتیم بچہ یا بیوہ کس طرح زندگی بسر کر رہے ہیں، انہیں کیا معلوم کے ہسپتالوں میں ادویات مل رہیں یا نہیں، یہاں کہ تعلیمی ضروریات کا انہیں کیا پتہ جبکہ انہیں بیروزگاری کے بارے میں کیا پتہ کیونکہ وہ تو صرف ایک بات جانتے ہیں کہ ترقیاتی رقوم کو کم کرنا، پریمیئم ریٹ بڑھانا ہے چاہے اس سے غریب آدمی کی چیخیں نکل جائیں۔

انہوں نے کہا اُن لوگوں کو غریب آدمی کی پرواہ نہیں، انہیں صرف اپنے مقررہ پیٹرن کی پیروی کرنا ہے، جس کی مثال مصر اور وینیزویلا ہے، آئی ایم نے وینیزویلا کی معیشت کا بھتہ بھٹا دیا، یہ بجٹ عوام کی موم بتی کے چراغ کو گل کرنے اور ان کی امیدوں کو قتل کرنے آیا ہے۔

قائد حزب اختلاف نے بجٹ پر بحث جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کا اپنا ہدف تھا کہ لیکن رواں مالی سال میں ریونیو کے ہدف میں 500 ارب روپے کا فرق ہے جبکہ عمران خان نے کنٹینر پر کھرے ہوکر کہا تھا کہ اگر میری حکومت آئی تو آمدنی کا ہدف 8 ہزار ارب روپے پر لے جاؤں گا، تاہم یہ تو 4 ہزار ارب کا ہدف پورا نہیں کرسکے تو آئندہ مالی سال کےلیے رکھا گیا ساڑھے 5 ہزار ارب کا ٹارگٹ کیسے پورا کریں گے۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کی 10 ماہ میں یہ کارکردگی ہے کہ ہماری حکومت نے جو ہدف پورا کیا تھا اس میں بھی 500 ارب کا ہول موجود ہے جبکہ ہمیں کہا جاتا کہ ہم بلاواسطہ ٹیکس لگاتے ہیں لیکن انہوں نے آج کیا کیا۔

تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ یوٹرن کے ماسٹر ہیں اور اپنی بات کی اپنے عملی اقدام سے تردید کرتے ہیں، یہ 5500 کا جو آمدنی کا ہدف ہے اس میں 70 فیصد بلاواسطہ ٹیکس ہیں، پاکستان کو جو جنت بنانے آئے تھے وہ ان اقدامات سے اسے معاشی جہنم کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بڑے پیمانے پر مینوفکچرنگ کے شعبے میں شرح پیداوار ساڑھے 6 فیصد تھی لیکن اس حکومت کے 10 مہینوں میں بدترین نااہلی کی وجہ سے یہ شرح منفی 2 ہوگئی ہے، یہ ان کے اپنے اعداد و شمار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کل مرغی اور انڈوں کی باتیں بہت ہوتی ہیں، جو مرغی آپ ذبح کردیں گے تو انڈے کہاں سے آئیں گے، اس طرح بڑے مینوفکچرنگ شعبے کی پیداوار ہی جب منفی 2 ہوگئی ہے تو اس سے ٹیکس کہاں سے لیں گے۔

اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں پی ٹی آئی حکومت نے 2 مرتبہ منی بجٹ پیش کیے، لہٰذا یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ یہ پھر تیسرے مہینے آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے کہ ہم ہدف پورا نہیں کرسکے، آپ ہمیں استثنیٰ دیں، پھر ایسے سخت قومی مفاد پر سمجھوتہ کریں گےجس سے پاکستان کے معاشی و سیاسی صورتحال مزید خراب ہوتی جائے گی۔

صوبائی فنڈز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا احتجاج رہا کہ وفاق سے فنڈ نہیں مل رہے جبکہ وفاقی حکومت نے 10 ماہ میں جو ٹیکس وصولی کی اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کہیں بھی نئے منصوبے کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھی۔

انہوں نےکہا کہ میں ان لوگوں کو اسپیکر کے توسط سے ایک گولڈ میڈل دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے دور کے منصوبوں پر تختیاں اکھاڑ کر یہ لوگ اپنی تختیاں لگانے کے لیے دست و گریبان ہیں، منصوبے تو یہ بنا نہیں سکے تو اب یہ قوم کو اسی طرح اپنی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خود حیرانی ہوئی کہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت ہمیشہ ڈھنڈورا پیٹتی تھی کہ پی ٹی آئی پاکستان میں سوشل سیکٹر یعنی تعلیم اور علاج کے معاملے میں چیمپئن ہے، عمران خان سے لے کر پوری پی ٹی آئی کہتی تھی کہ میگا پروجیکٹس کک بیکس، کمیشن اور کرپشن کے لیے بنائے جاتے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعلیم اور صحت پر توجہ نہیں دیتی لیکن خود ان کے طرز عمل نے کئی سوالات کو جنم دے دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے میگا منصوبے کک بیکس کے لیے بنائے تو بتایا جائے کہ انہوں نے اس بجٹ میں 2 ایل این جی منصوبوں کو بیچنے کا پروگرام کیوں رکھا ہے، ہمارے دور کے بنائے ہوئے 2 بجلی کے منصوبوں کو انہوں نے نجکاری کے لیے سرفہرست رکھا ہے، اگر کسی منصوبے میں کک بیکس ہوں تو عمران خان ان کی تحقیق کریں گے یا بیچنے کے لیے ڈال دیں گے۔

تنقید کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم اور ہسپتالوں سے متعلق انقلاب کا بتایا جاتا تھا لیکن 2013 سے 2018 تک ایک نئی یونیورسٹی اور ہسپتال نہیں بنایا۔

اس پر اسپیکر اسد قیصر نے شہباز شریف کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ آپ کے علم میں یہ بات لانا چاہتا ہوں کہ خیبرپختونخوا میں 7 یونیورسٹیاں بنائیں گئیں جبکہ میں نے اپنے ضلع صوابی میں 2 یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالج و ہسپتال بنایا۔

بجٹ تجاویز پر انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بلند و بانگ دعووں کے برعکس ہمارے دور میں تعلیم کے 97 ارب روپے کے بجٹ میں 20 ارب روپے کم کردیے اور 77 ارب روپے مختص کیے ہیں، اسی طرح صحت کے شعبے کا وفاقی بجٹ 13 ارب سے کم کرکے 11 ارب روپے کردیا گیا، اس سب کے بعد اس میں کوئی شک نہیں رہ جاتا کہ یہ یوٹرن کے ماسٹر ہیں اور یہی ان کا اوڑھنا بچھونا ہے۔

میٹرو بس پر تنقید کا جواب اور بی آر ٹی پشاور پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی کہتے تھے کہ یہ جنگلہ بس 70 ارب روپے میں بنا ہے اور اس میں بدترین کرپشن ہوئی ہے اور میں پشاور میں بی آر ٹی اور میٹرو بس کبھی نہیں بناؤں گا چاہے مجھے وفاقی حکومت گرانٹ ہی کیوں نہ دیتی بلکہ یہ پیسا یونیورسٹیوں اور صحت پر لگاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ پھر 2016، 2017 میں بی آر ٹی پشاور کا اعلان ہوگیا اور قرضہ جات کی تحقیقات کے لیے جو کمیشن بنایا ہے اس میں قرضہ جات کی پہلی کھیپ خیبرپختونخوا کی جانی چاہیے کیونکہ بی آر ٹی کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت کو رد کرکے ایشیائی ترقیاتی بینک سے اربوں روپے کا قرضہ لیا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پیسے اور وہ گرانٹ دینے کو تیار تھی جو صوبوں کو دی جاتی ہے تو پھر اس کو مسترد کرکے ایشیائی ترقیاتی بینک اور فرانسیسی حکومت سے قرض لیے، لہٰذا اس معاملے کو کمیشن کے سامنے پیش ہونا چاہیے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …