جمعہ , 19 اپریل 2024

نیب کا فواد چوہدری کے بیان کا نوٹس، کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد(مانٹیرنگ ڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب) نے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے حکومتی احتساب سے متعلق بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب کو کارروائی کی ہدایت کر دی۔دو روز قبل وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ احتساب نیب نہیں ہم کر رہے ہیں۔

چیئرمین نیب نے وفاقی وزیر کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب کو فواد چوہدری کے بیان کی مصدقہ کاپی پیمرا سے حاصل کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کی طرف سے آج تک نیب کو کوئی ریفرنس موصول نہیں ہوا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر کا بیان حقائق کے منافی ہے، فواد چوہدری کے بیان سے نیب کا تشخص مجروح ہوا ہے۔نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری کا بیان نیب میں جاری تحقیقات پر اثر انداز یا تحقیقات میں رکاوٹ پیدا کر سکتا ہے۔

فواد چوہدری نیب کی احتساب کے لیے جاری کوششوں کے معترف ہیں، ترجمان وفاقی وزیر

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے ترجمان کے مطابق احتساب کے بارے میں فواد چوہدری کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، کہیں بھی یہ نہیں کہا کہ ملک میں جاری احتساب براہ راست تحریک انصاف کی حکومت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کے بیان کا مفہوم یہ تھا عمران خان کے آنے سے پہلے کرپشن بڑا مسئلہ نہیں سمجھا جاتا تھا لیکن ان کے سیاست میں قدم جمانے کے بعد ہی ملک میں احتساب کا ماحول ممکن ہوا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کے بیان کو اداروں کے دائرہ کار میں مداخلت کی کوشش نہ سمجھا جائے بلکہ وہ کسی بھی ادارے کے دائرہ کار میں مداخلت پر یقین نہیں رکھتے اور وہ نیب کی احتساب کے لیے جاری کوششوں کے معترف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر بدعنوانی کے خلاف نیب کی بلا خوف و خطر کارروائیوں کو سراہتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …