جمعرات , 25 اپریل 2024

قبلہ اول کو فروخت کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی؛آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)قم المقدس میں دینی مرجع آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کے بارے میں امریکہ اور غدار عرب حکمرانوں کی مشترکہ گھناؤنی سازش اور صدی معاملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کسی کو مسلمانوں کے قبلہ اول کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دےگی۔

آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی نے اپنے پیغام میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: امت مسلمہ نے ماضی میں بھی اسلام اور مقدسات اسلام کے دفاع میں شاندار قربانیاں پیش کی ہیں اور وہ بیت المقدس کے دفاع میں بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرےگی۔ بعض غدار اور خائن عرب حکمرانوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول کو فروخت کرنے کی گھناؤنی سازش کا آغاز کردیا ہے اور ان کی اس سازش کو ناکام بنانا امت مسلمہ کے فرائض میں شامل ہے۔

آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی نے اپنے پیغام میں اسلام کے دشمنوں سے دوستی کو قرآنی آیات ” سبحانه إِنَّمَا یَنْهَاکُمُ اللَّهُ عَنِ الَّذِینَ قَاتَلُوکُمْ فِی الدِّینِ وَأَخْرَجُوکُم مِّن دِیَارِکُمْ وَظَاهَرُوا عَلَی إِخْرَاجِکُمْ أَن تَوَلَّوْهُمْ وَمَن یَتَوَلَّهُمْ فَأُولَئِکَ هُمُ الظَّالِمُونَ ” کی صریح خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہا اسرائیل کے ساتھ دوستی اور تعاون منافقت کی علامت ہے اور کسی کو مسلمانوں کے قبلہ اول کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آیت اللہ العظمی کارم شیرازی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیل کی لبنان اورغزہ کی لڑائیوں میں مسلسل شکست کے بعد امریکہ نے مسئلہ فلسطین کو محو اور نابود کرنے کی سازش تیار کی ہے اور امریکہ نے اپنی اس سازش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے غدار اور خائن بادشاہوں کو تیار کیا ہے۔ لہذا فرزندان توحید کو معلوم ہونا چاہیے کہ امریکہ اپنے شیطانی منصبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے سلسلے میں خطے میں موجود اپنے ایجنٹوں اور اتحادی عرب ممالک سے بھر پور استفادہ کررہا ہے۔ بہر حال امت مسلمہ، امریکہ اور اسرائیل کو ان کے عرب اتحادیوں سمیت شکست سے دوچار کردے گی۔

آیت اللہ ناصر مکارم نے سعودی عرب، بحرین اور امارات کے بادشاہوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عرب بادشاہوں کو ماضی کے بادشاہوں سے درس عبرت حاصل کرنا چاہیے اورانھیں بڑے شیطان امریکہ اور اسرائیلی کے ساتھ تعاون ترک کردینا چاہیے اور اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ غداری کو چھوڑ دینا چاہیے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …