جمعہ , 19 اپریل 2024

ڈالر ملکی تاریخ کی بلندترین سطح 160 روپے تک پہنچ گیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 160 روپے تک پہنچ گئی۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 80 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت 160 روپے تک پہنچ گئی۔بتایا گیا کہ دن کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی طلب میں اضافے کے باعث ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔

دوسری جانب کرنسی ڈیلرز نے ڈالر کی قدر میں اچانک اضافے پر بتایا کہ طلب میں غیرمعمولی اضافے کے باعث ڈالر کی قیمت بڑی اور توقع ہے کہ کاروباری مصروفیات کے اختتام تک ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوجائے۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے وسط میں بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 157 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

کرنسی ڈیلرز نے ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ مالی سال کے اختتام کو قرار دے دیا تھا۔ان کے مطابق مالی سال کے اختتام کی تاریخ 30 جون قریب پہنچ رہی اور ساتھ ہی ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنا تمام منافع ملک سے باہر بھیج رہی ہیں۔

خیال رہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل بھی انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا گیا تھا۔انٹر بینک میں امریکی ڈالر 75 پیسے مہنگا ہو کر 148.90 روپے کا ہوگیا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے مہنگا ہوکر 148.80 روپے کا ہوگیا تھا۔

کرنسی ڈیلرز نے امید ظاہر کی تھی کہ عید کی تعطیلات کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی طلب کم ہوگی اور وہ کمرشل امپورٹرز جو قیمت میں بہت زیادہ اتار چڑھاؤ کی وجہ سے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کر رہے ہیں وہ بھی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے جس سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی طلب کم ہوجائے گی اور اس کے اثرات اس کی قیمت پر بھی پڑیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …