جمعہ , 19 اپریل 2024

ٹرمپ بین الاقوامی نظام تباہ کرنا چاہتے ہیں، سید عباس موسوی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ امن و سلامتی کے تمام عالمی طور طریقوں کو تباہ و برباد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے منگل کے روز امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس طریقے سے تمام سفارتی راستوں کو ہمیشہ کیلئے بند کر دینا چاہتا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے پیر کے روز ایک آڑڈینینس پر دستخط کر کے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی صدر کے اس اقدام کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسٹیو منوچین نے ایران کے خلاف معاندانہ اقدامات جاری رکھتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے دفتر اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے آٹھ کمانڈروں من جملہ سپاہ کی بحریہ کے کمانڈر جنرل تنگسیری، سپاہ کی بری فوج کے سربراہ جنرل محمد پاکپور اور سپاہ کی فضائیہ کے سربراہ جنرل امیرعلی حاجی‌ زاده پر پابندیاں عائد کر دیں۔امریکی وزیر خزانہ اسٹیو منوچین نے آئندہ ہفتہ سے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پر بھی پابندی عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

ٹرمپ کے اس اقدام کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اقدام ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ بڑھانے کی کارروائیوں کا ایک حصہ ہے۔واضح رہے کہ امریکہ ایران کے خلاف دباؤ کے ہر طرح کے ہتھیکنڈے استعمال کر رہا ہے تاہم اب تک اس کا کوئی مقصد پورا نہیں ہوا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …