بدھ , 11 دسمبر 2019

افغان صدر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر افغان صدر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور دیگر حکام نے افغان صدر کا استقبال کیا، آنے والے مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ وزرا، مشیران، سینئر حکام اور کاروباری افراد سمیت ایک اعلیٰ سطح وفد موجود ہے۔

اپنے اس دورے کے دوران افغان صدر وزیر اعظم عمران خان سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، جس میں دونوں فریقین سیاست، تجارت، معیشت، سیکیورٹی، امن، بحالی، تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے پر توجہ دیں گے۔پاکستان آنے والے افغان صدر اشرف غنی اپنے دورے میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔

اس کے بعد اشرف غنی لاہور جائیں گے جہاں وہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے جس میں دونوں ممالک سے کاروباری نمائندگان شریک ہوں گے۔یہ افغان صدر کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہے جو حال ہی میں امن و استحکام کے لیے افغانستان ۔ پاکستان ایکشن پلان کے پہلے جائزہ اجلاس کے بعد کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس رابطے میں پاکستان اور افغانستان نے اپنے جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھا کر علاقائی روابط کو بڑھانے، سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حقیقی اقتصادی قوت استعمال کرنے، غربت کے خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔پاکستان کے وزیراعظم نے مشترکہ مفادات سے متعلق معاملات پر جامع تبادلہ خیال کرنے کے لیے افغان صدر اشرف غنی کو ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، ملکی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس …