بدھ , 11 دسمبر 2019

واٹس ایپ اسٹیٹس اب دیگر ایپس میں شیئر کرنے کا فیچر متعارف

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)واٹس ایپ نے اپنے صارفین کو واٹس ایپ اسٹیٹس فیس بک اور دیگر اپلیکشنز میں شیئر کرنے کے فیچر پر کام شروع کردیا ہے۔اس فیچر کی آزمائش واٹس ایپ کے بیٹا پروگرام میں بدھ (26 جون) سے شروع ہوگئی ہے جس کی مدد سے صارفین اپنا اسٹیٹس فیس بک اسٹوری کے طور پر استعمال کرسکیں گے یا کسی اور ایپ جیسے انسٹاگرام، جی میل یا گوگل فوٹوز میں سینڈ کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ اسٹیٹس اس میسجنگ ایپ میں اسٹوری کے طور پر کام کرتا ہے جس میں تصاویر، ٹٰکسٹ اور ویڈیوز کو پروفائل میں پوسٹ کیا جاتا ہے جو 24 گھنٹے بعد غائب ہوجاتے ہیں۔

دی ورج کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ صارفین کو اپنا اسٹیٹس اسٹوری کے طور پر شیئر کرنے کے لیے اپنا اکاؤنٹ فیس بک اکاؤنٹ سے لنک کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ کام آئی او ایس اور اینڈرائیڈ میں ڈیٹا شیئرنگ اے پی آئی کے ذریعے ہوگا۔اسی طرح صارف اپنی ڈیوائس میں موجود متعدد ایپس میں واٹس ایپ اسٹیٹس کو شیئر کرسکیں گے مگر کوئی بھی اکاؤنٹ لنک نہیں ہوگا۔

اسی طرح اسٹیٹس کو خودکار طور پر کسی اور پلیٹ فارم پر شیئر کرنے کا آپشن نہیں ہوگا بلکہ صارفین کو خود اسے شیئر کرنے کے لیے منتخب کرنا ہوگا۔کمپنی کے مطابق اگر صارف فیس بک کی زیرملکیت سروس جیسے انسٹاگرام پر اپنا اسٹیٹس شیئر کریں گے تو دونوں پوسٹس فیس بک سسٹمز میں بالکل علیحدہ ایونٹس ہوں گے اور ان میں کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ فیس بک سے ڈیٹا شیئرنگ کے تاثر کے حوالے سے کافی محتاط رویہ اختیار کرتی ہے کیونکہ یہ بیشتر ممالک میں بہت زیادہ حساس معاملہ ہے۔2016 میں جب کمپین نے اعلان کیا تھا کہ وہ صارفین کا ڈیٹا فیس بک سے شیئر کرے گی تو فیس بک کو فرانس اور جرمنی میں ایسا کرنے سے روک دیا گیا تھا جبکہ یورپین کمیشن نے اس بنیاد پر 12 کروڑ ڈالرز سے زائد کا جرمانہ فیس بک پر عائد کیا تھا۔یہ فیچر اس وقت سامنے آیا ہے جب فیس بک کی جانب سے تمام میسجنگ ایپس یعنی انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میسنجر کو یکجا کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ 2017 میں متعارف کرائے جانے والا واٹس ایپ اسٹیٹس کو روزانہ 50 کروڑ افراد استعمال کرتے ہیں اور 2020 میں واٹس ایپ میں اشتہارات دکھانے کے لیے بھی اسٹیٹس کو ہی استعمال کیا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

سام سنگ کا نیا فولڈ موبائل کی قیمت میں 50 فیصد کمی

سیول: اسمارٹ فونز بنانے والی جنوبی کوریائی کمپنی سام سنگ کے گلیکسی فولڈ ’ٹو‘ کی …