جمعرات , 18 اپریل 2024

مقبوضہ کشمیر: بس کھائی میں گرنے کی وجہ سے 35 افراد ہلاک

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے زیر تسط کشمیر کے علاقے کشتور میں گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی منی بس کھائی میں گر نے کی وجہ سے کم از کم 35 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح ہونے والے حادثے کے بارے میں کشتور کے میجسٹریٹ انگریز سنگھ رانا نے بتایا کہ واقعے کی اصل وجوہات کے بارے میں تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے تاہم بس میں گنجائش سے زیاد مسافر سوار تھے۔

کشتور جموں سے تقریباً 230 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جہاں سے ہیلی کاپٹر کی مدد سے زخمیوں کو خصوصی طبی امداد کے لیے جموں میں موجود ہسپتال پہنچایا گیا۔ضلع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) شکتی پھاٹک کا کہنا تھا کہ ’سڑک کی حالت خاصی خراب تھی اور گاڑی میں بظاہر گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے‘۔ایس ایس پی کے مطابق حادثے سے اندازہ ہوتا ہے کہ موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 20 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور ہسپتال پہنچنے پر اس تعداد میں مزید اضافہ ہوا۔

حادثے کے بعد جموں کشمیر کے گورنر ستیا پال ملک نے ہلاک ہونے والے وافراد کے لواحقین کو 5، 5 لاکھ بھارتی روپے فی کس دینے اور انتظامیہ کو زخمیوں کا بہترین علاج معالجہ کرنے کی ہدایت کی۔خیال رہے کہ جموں کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اکثر حادثات رونما ہوتے ہیں جس کی ایک وجہ تیز رفتاری اور گنجائش سے زائد سواریاں بھی ہیں۔گزشتہ ہفتے شوپیاں کے علاقے میں ایک بس کھائی میں گرنے کے باعث 11 طالبعلم ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …