بدھ , 24 اپریل 2024

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم سمیت ارکان پارلیمنٹرینز کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹرینز کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں جن کے مطابق وزیراعظم 10 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ انہوں نے بنی گالا زمین کو تحفہ ظاہر کردیا۔ الیکشن کمیشن نے ارکان قومی اسمبلی کے مالی سال 2018-19 کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کردیں۔ وزیراعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا رہائش کی مالیت ظاہر نہیں کی بلکہ بنی گالا زمین کو تحفہ کے طور پر ظاہر کیا ہے۔

بشری بی بی
وزیراعظم نے اپنی اہلیہ بشری بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی پیش کردیں جن کے مطابق بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر، پاک پتن میں 431 کنال اراضی، اوکاڑہ میں 266 کنال اراضی شامل ہے۔ وزیراعظم کے ڈالر، پاؤنڈ اسٹرلنگ اور یورو اکاؤنٹس بھی ہیں۔ وہ 2 لاکھ روپے کی 4 بکریوں، 6.2 مربع زرعی اور کمرشل اراضی کے مالک ہیں۔

آصف زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری 66 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ ان کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں۔ آصف زرداری اور بیٹے بلاول بھٹو زرداری دبئی کے اقامہ ہولڈر بھی ہیں۔ آصف زرداری کے پاس 1 کروڑ روپے مالیت کے گھوڑے اور جانور، 1 کروڑ 66 لاکھ روپے کا اسلحہ بھی ہے۔

بلاول بھٹو
بلاول بھٹو زرداری امیر ترین ارکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں اور 1 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وہ دبئی کے دو ولاز میں حصہ دار ہیں۔

شہباز شریف
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ ان کی اہلیہ نصرت شہباز کے نام 23 کروڑ روپے اور دوسری اہلیہ تہمینہ درانی کے 57 لاکھ 65 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ شہباز شریف کے بیرون ملک 14 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں اور لندن میں فلیٹ کے مالک بھی ہیں۔

شاہد خاقان، شیخ رشید، رانا ثناء، خورشید شاہ
شاہد خاقان عباسی 60 کروڑ روپے سے زائد کے مالک ہیں، شیخ رشید احمد کے پاس 3 کروڑ 58 لاکھ روپے کے اثاثے، 8 کروڑ 73 لاکھ کا بینک بیلنس اور 25 لاکھ کےپرائز بانڈ ہیں۔ رانا ثناءاللہ 6 کروڑ 60 لاکھ روپے اور سید خورشید شاہ 6 کروڑ روپے کے اثاثوں ہیں۔

مراد سعید، شہریار آفریدی، پرویز خٹک
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید غریب ارکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں۔ ان کے پاس 36 لاکھ نقد اور 15 تولے سونا ہے۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی 2 کروڑ کے مالک جبکہ وزیر دفاع پرویز خٹک 13 کروڑ 95 لاکھ کے اثاثے اور ڈھائی کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے۔

دیگر
پی ٹی آئی کے ایم این اے سمیع الحسن گیلانی 1 ارب روپے سے زائد اثاثوں اور وفاقی وزیر علی زیدی 3 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …