ہفتہ , 20 اپریل 2024

امریکہ کی جانب سے ایف -35 طیاروں کی ڈیل ختم کرنا دراصل ڈکیتی کرنے کے مترادف ہے : ترک صدر

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترکی کے صدر نے کہا ہے کہ امریکی اقدام ڈکیتی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایف -35 طیاروں کی ڈیل ختم کرنا دراصل ڈکیتی کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے استفسارکیا کہ اگر آپ کا صارف (کسٹمر) بروقت پیسوں کی ادائیگی کر رہا ہے تو آپ کیسے اسے وہ فراہم کرنے سے انکار کرسکتے ہیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ اس عمل کو ڈکیتی ہی کا نام دیا جاسکتا ہے۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کا کہنا ہے کہ ترکی اب تک ایف 35 طیاروں کے لیے ایک عشاریہ چار بلین کی خطیر رقم ادا کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار طیارے پہلے ہی ترکی کے حوالے کیے جا چکے ہیں جنہیں اڑانے کی تربیت لینے کے لیے ترکی کے پائلٹس بھی امریکہ میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ اور ترکی کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے سخت تناؤ ہے اور اس کی وجہ ترکی کا روس کے ساتھ فوجی ساز و سامان کی خریداری کا معاہدہ کرنا ہے۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ٹی آڑٹی کے مطابق ترکی کے صدر نے کہا کہ داعش ہو یا دنیا کی کوئی دوسری دہشتگرد تنظیم وہ معصوم انسانوں کے خون سے نہائی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تنظیموں کے شر سے عالم اسلام کو محفوظ رکھنا ہوگا۔رجب طیب اردوغان نے کہا کہ یہ تنظیمیں ایسے سکے ہیں جو دونوں طرف ایک ہی رخ رکھتی ہیں اورایسے جراثیم سے مشابہ ہیں جن کی آماجگاہ دلدل کے سوا کوئی اور جگہ نہیں ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …