جمعہ , 19 اپریل 2024

کراچی میں بی آر ٹی منصوبے کیلئے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض منظور

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے بی ڈی) نے کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے لیے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔بینک کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کراچی کی بی آرٹی ریڈ لائن منصوبہ کراچی کو 26.6 کلومیٹر طویل بی آر ٹی لائن ریڈ لائن اور اس سے منسلک سہولیات فراہم کرے گا جس سے 15 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ایشین ڈیولپمنٹ بینک کا کہنا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کے روٹس پر روزانہ 3 لاکھ افراد سفر کریں گے۔

پریس ریلیز کے مطابق بینک سول ورک اور آلات کی لاگت کی مد میں ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اور فرانسیسی ترقیاتی بینک کی شراکت سے جزوی طور پر ایک کروڑ ڈالر کا انتظام کرے گا۔اے بی ڈی عہدیدار ڈیوڈ مارگوزٹرن کا کہنا ہے کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر ایک مستحکم، پائیدار، محفوظ اور صنفی اعتبار سے دوستانہ نظامِ ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے۔

ٹراسپورٹ کے پائیدار نظام کی بدولت نہ صرف شہر میں آمد و رفت کا مسئلہ بلکہ بڑھتی ہوئی آلودگی کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بی آر ٹی نظام کی جدید خصوصیات سے تمام مسائل حل ہوجائیں گے اور شہر کے عوام کا میعار زندگی بھی بلند ہوگا۔ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے مطابق یہ منصوبہ ریڈ لائن بی آر ٹی راہداری کی مکمل تشکیل نو کردے گا۔

جس میں 29 اسٹیشنز، مخصوص لینز، ہر سمت کے راستوں پر مختلف قسم کے ٹریفک کے لیے 6 لائنز، مختلف مقامات پر اسٹریٹ پارکنگ اور سر سبز قطعات، نکاسی آب کے نظام کی بہتری گاڑیوں کے لیے ممنوعہ تعمیرات مثلاً بائیسائیکل لین، پیدل چلنے والوں کا راستہ اور توانائی کی بچت کرنے والی اسٹریٹ لائٹس شامل ہیں۔

یہ منصوبہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی گنجائش میں اضافہ کرے گا اور اس میں بی آر ٹی ڈیزئننگ کا بزنس ماڈل اور سبسڈی فری آپریشن بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم اور بائیوگیس پلانٹ بہتر پبلک ٹرانسپورٹ کا فروغ شامل ہے۔

علاوہ ازیں ایشین ڈیولپمنٹ بینک بائیو گیس پلانٹ اور ڈیزل بس ٹیکنالوجی سے سی این جی ہائبرڈ بس ٹیکنالوجی کے لیے 3 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کا انتظام کرے گا۔اس کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیشِ نظر اٹھائے جانے والے اقدامات اور منصوبہ مکمل ہونے پر نگرانی کی سرگرمیوں اور فیڈر ای گاڑیوں کے لیے گرین کلائمیٹ فنڈ کی جانب سے ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی گرانٹ بھی جاری کی جائے گی۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …