بدھ , 21 اگست 2019

وہ ڈیوائسز جو جلد واٹس ایپ سپورٹ سے محروم ہوجائیں گی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)اگر تو آپ اینڈرائیڈ 2.3.7 آپریٹنگ سسٹم اور آئی او ایس 7 پر چلنے والے اسمارٹ فونز استعمال کررہے ہیں تو آئندہ چند ماہ بعد ان میں واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔واٹس ایپ نے اپنے ایف اے کیو پیج کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یکم فروری 2020 سے اینڈرائیڈ 4.0.3 یا اس کے بعد کا ورژن اور آئی او ایس 8 یا اس کے بعد کے ورژن والے فونز یا ڈیوائسز میں واٹس ایپ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

واٹس ایپ پیج کے مطابق ‘اینڈرائیڈ 2.3.7 اور آئی او ایس 7.1.2 والی ڈیوائسز استعمال کرنے والے افراد اب نئے اکاؤنٹس نہیں بناسکیں گے اور موجودہ اکاؤنٹس کو بھی دوبارہ ویریفائی نہیں کرسکیں گے، تاہم واٹس ایپ کو یکم فروری 2020 تک استعمال کرنا ممکن ہوگا، اس کے بعد سپورٹ ختم ہوجائے گی’۔کمپنی کے مطابق ہم نے ان آپریٹنگ سسٹمز کے لیے ہم اپ ڈیٹس نہیں بنارہے، تو کچھ فیچرز کسی بھی وقت کام کرنا بند کرسکتے ہیں۔

واٹس ایپ کی جانب سے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ان آپریٹنگ سسٹمز کو استعمال کرنے والے صارفین نئے فونز لے لیں جن میں بہتر آپریٹنگ سسٹمز موجود ہوں تاکہ وہ نئے فیچرز استعمال کرسکیں۔

اس سے پہلے واٹس ایپ کی جانب سے یہ اعلان بھی ہوچکا ہے کہ تمام ونڈوز آپریٹنگ سسٹمز پر 31 دسمبر کے بعد صارفین واٹس ایپ کو استعمال نہیں کرسکیں گے جبکہ ہوسکتا ہے کہ یکم جولائی کے بعد یہ مائیکرو سافٹ اسٹور پر بھی دستیاب نہ ہو۔اس بیان میں یکم جولائی کے بعد ایپ کی عدم دستیابی کے حوالے سے شاید کا لفظ استعمال ہوا ہے مگر یہ واضح ہے کہ یہ بہت جلد مائیکرو سافٹ اسٹور سے ڈیلیٹ کردی جائے گی۔

رواں سال کے آخر تک واٹس ایپ کی جانب سے سپورٹ ختم ہونے پر ونڈوز فونز کے صارفین کے لیے اس مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن میں بگز فکسز، اپ ڈیٹس اور نئے فیچرز کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔اور ہاں ونڈوز فونز میں اس کے بیشتر فیچرز کسی بھی وقت اچانک کام کرنا بند بھی کردیں گے۔

ونڈوز فون مائیکرو سافٹ کا وہ آپریٹنگ سسٹم ہے جس کو خود کمپنی نے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس وقت دنیا بھر میں 0.28 فیصد صارفین ونڈوز موبائل استعمال کررہے ہیں جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کی تعداد 74.85 فیصد ہے۔اس سے پہلے واٹس ایپ بلیک بیری آپریٹنگ سسٹم، بلیک بیری 10، نوکیا ایس 40، نوکیا سامبا ایس 60، اینڈرائیڈ 2.1، اینڈرائیڈ 2.2، ونڈوز فون 7، آئی فون تھری جی/آئی او ایس سکس کے لیے سپورٹ ختم کرچکی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

دنیا بھر میں لاکھوں ویب سائٹس کے اربوں پاس ورڈز چوری

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)گوگل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں ویب سائٹس کے …