جمعہ , 19 اپریل 2024

نواز شریف کو ووٹ کی عزت دلوانے کا نعرہ لگانے پر سزا ملی، مریم نواز

منڈی بہائوالدین (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ملک میں مہنگائی بڑھنے پر وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب نواز شریف کو جیل میں رکھنا جرم ہے۔منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عزت اور ذلت دونوں اللہ کے ہاتھ میں ہے اور آج نوازشریف 22 کروڑ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف یہ جانتے ہوئے کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے اس کے باوجود قانون کے آگے سر جھکا کر جیل چلے گئے، نوازشریف بہادر انسان ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج سرخرو ہوئے ہیں اور نئی شہادتوں کے بعد اب نواز شریف کو ایک دن بھی جیل میں رکھنا جرم ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا قصور یہ تھا کہ نواز شریف کا کوئی قصور نہیں تھا، نواز شریف کو ووٹ کی عزت دلوانے کا نعرہ لگانے پر سزا ملی، نوازشریف کو ووٹ دینے والوں کا سر آج فخر سے بلند ہے۔کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف پھر سے وزیراعظم بنیں گے، اور پہلے سے زیادہ طاقت ور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو چاروں طرف سے دشمنوں نے گھیرا ہوا ہے، نواز شریف نے ہمیشہ عوام اور ملک کی فلاح اور بہبود کی بات کی ہے۔

حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، جلسے کی اجازت نہ دینے والے دیکھ لیں کہ لاہورسے منڈی بہاؤالدین تک ہرجگہ جلسہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نواز شریف کی بے گناہی کا جشن منار ہے ہیں، جلسہ7تاریخ کو ہونا تھا، لاہورسےمنڈی بہاءالدین کاسفرڈھائی گھنٹے کا ہے،میں 10گھنٹوں میں یہاں پہنچی ہوں۔

وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے، آٹا، دال، چینی، چاول سب مہنگا ہوچکا ہے لیکن ان کو کرپشن کے لبادے میں پتلی گلی سے بھاگنے نہیں دیں گے۔مریم نواز نے کارکنوں سے بھی عمران خان کے استعفے کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کرنےوالے عمران خان استعفیٰ دو اور گھر جاؤ۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز جلسے سے خطاب کے لیے منڈی بہاالدین پہنچیں جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔مریم نواز نے منڈی بہاالدین پہنچنے کے بعد ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘مجھے خطاب کی جگہ پہنچے ہوئے 50 منٹ ہوگئے ہیں لیکن ہجوم کی وجہ سے میں گاڑی میں موجود ہوں’۔

منڈی بہاالدین روانگی سے قبل مریم نواز نے کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ‘منڈی بہاؤالدین کے عوام کو بتانا چاہتی ہوں یہ جتنی مرضی پابندیاں لگائیں، جلسہ ہونے دیں یا نہ ہونے دیں میں منڈی بہاؤالدین جارہی ہوں اور کارکنوں سے ضرور ملاقات ہوگی’۔مریم نواز کے ہمراہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر، طلال چوہدی، مصدق ملک، پرویز رشید، عظمیٰ بخاری اور سیف اللہ کھوکھر بھی منڈی بہاالدین گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز منڈی بہاالدین کی انتظامیہ نے قائداعظم گراؤنڈ(سنیما گراؤنڈ) کے مرکزی دروازے کو سیل کردیا تھااور مسلم لیگ (ن) کو جلسے سے روکنے کے لیے وہاں پولیس کو بھی تعینات کردیا تھا۔

مریم نواز نے جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود منڈی بہاالدین جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مریم نواز سے تو جان جاتی ہی ہے مگر جعلی حکومت کو اصل خوف نواز شریف کے پیچھے کھڑی عوامی طاقت کا ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اتوار کو منڈی بہا الدین جائے گی اور ضرور جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انتظامیہ نے گراؤنڈ میں مبینہ طور پر پانی چھوڑ دیا ہے جس کے بعد گراؤنڈ میں جلسے کا انتظام کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔مریم نواز کی سیکریٹری صائمہ فاروق نے اتنظامیہ کے ردعمل پر ٹویٹ کیا تھا کہ ’حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے منڈی بہاالدین جلسہ ملتوی کروانا چارہی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسے کی اجازت نہ دینا ظاہر کرتا ہے کہ حکومت مریم نواز سے کس قدر خوف زدہ ہے۔مسلم لیگ (ن) نے اس حوالے سے کہا تھا کہ سینما گراؤنڈ میں عوامی جلسےکے اعلان کے بعد منڈی بہاالدین میں کارکنوں کی بڑی تعداد کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …