جمعہ , 19 اپریل 2024

گلگت ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے اترگیا

گلگت (مانیٹرنگ ڈیسک)گلگت ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل کر رن وے سے اتر گیا، تاہم اس دوران کوئی جانے نقصان نہیں ہوا۔اسلام آباد سے گلگت آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 605 دوران لینڈنگ رن وے سے کچے میں اتر کر پھسل گئی اور طیارے ایک طرف جھک گیا۔حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں عملے سمیت 53 افراد سوار تھے، جنہیں باحفاظت باہر نکال لیا گیا جبکہ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گلگت ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔

ادھر ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارہ لینڈنگ کے دوران معمولی طور پر کچے مقام پر پھسل گیا تاہم پائلٹ نے اس پر قابو پالیا۔ایئرلائنز ترجمان نے بتایا کہ تمام مسافر خیریت سے ہیں اور محفوظ ہیں، سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

علاوہ ازیں ترجمان نے بتایا کہ گلگت ایئرپورٹ کا رن وے کھلنے کے بعد پی آئی اے کی پرواز پی کے 608 مسافروں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ سی او کی جانب سے جاری حکم کے بعد تحقیقاتی عمل میں غلطی ثابت ہونے پر ایوی ایشن قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک مذکورہ پرواز آپریٹ کرنے والے دونوں پائلٹ گراونڈ کر دیئے گئے۔ساتھ ہی پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت بھی کی ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر گلگت کے مطابق اسلام آباد سے آنے والی پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 605 گلگت ایئرپورٹ پر پھسلن کے باعث رن وے سے اترگئی، جس سے طیارے کا ایک پر زمین سے جا لگا۔ایک اعلامیے میں کہا گیا کہ طیارے میں عملے سمیت 53 مسافر سوار تھے، تاہم تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ طیارے کی پائلٹ ایک خاتون مریم تھی، جنہوں نے بہادری سے طیارے کا کنٹرول سنبھال لیا۔بیان کے مطابق چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محمد خرم آغا نے حادثے کا شکار طیارے کا جائزہ لیا اور تمام مسافروں سے خیریت دریادت کی جبکہ پائلٹ مریم سے بھی واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …