جمعرات , 25 اپریل 2024

آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون کو مار گرایا: ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون کو مار گرایا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ یو ایس ایس باکسر نامی امریکی جنگی بحری جہاز نے اس وقت ’دفاعی کارروائی‘ کی جب ڈرون بحری جہاز کے 1000 گز تک قریب آ کر جہاز اور اس کے عملے پر دھونس جما رہا تھا۔

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی پانیوں سے گزرنے والے جہازوں کے خلاف یہ ایران کی جانب سے کئی اشتعال انگیزیوں میں سے تازہ ترین مخاصمانہ اقدام تھا۔ امریکہ اپنے اہلکاروں، تنصیبات اور مفادات کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

امریکی صدر نے تمام ملکوں پر زور دیا ہے کہ ایران کی مذمت کریں۔ یہ ایران کی جانب سے جہاز رانی اور عالمی کاروبار کی آزادی میں خلل ڈالنے کی ایک کوشش تھی۔ دوسری طرف پینٹاگان نے دعویٰ کیا کہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً دن کے 10 بجے ہوا۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، اپنے ڈرون کے تباہ ہونے کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں ہیں۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ سیّد عباس کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ہمارا کوئی ڈرون طیارہ تباہ نہیں ہوا، مجھے خدشہ ہے کہ امریکی فوجیوں نے غلطی سے اپنا ہی طیارہ نہ گرا دیا ہو۔ خیال رہے کہ ایران نے کچھ روز قبل فضائی حدود کی حلاف ورزی پر امریکا کا بغیر پائلٹ کے ایک ڈرون بھی مار گرایا تھا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی تھی کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …