جمعہ , 19 اپریل 2024

بحرین ۔ اسرائیل دوستی کھل سامنے آ گئی؛بحرینی وزیرخارجہ کی اسرائیلی وزیرخارجہ سے ملاقات

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق خلیجی ریاست بحرین کے وزیرخارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے جمعرات کے روز امریکا میں اسرائیلی وزیرخارجہ یسرائیل کاٹزسے ملاقات کی۔ خلیجی ریاست بحرین کی طرف سے صہیونی ریاست کےساتھ دوستی کی یہ کھلم کھلا کوشش ہے۔

عبرانی ٹی وی چینل 14 کے مطابق بحرینی اور اسرائیلی وزراء خارجہ کی ملاقات واشنگٹن میں مذہبی آزادی سے متعلق ایک کانفرنس کے موقعے پرہوئی۔ یہ ملاقات ایران کے لیے امریکی خصوصی ایلچی برائن ہک کی جانب سے کرائی گئی تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ دونوں رہ نمائوں‌نے مختصر ملاقات میں مصافحہ کیا، خوش گوار موڈ میں یادگار تصاویر بنوائیں تاہم اس ملاقات کی مزید تفصیل سامنے نہیں آسکی۔

مشرق وسطیٰ کےلیے امریکی ایلچی جیسن گرین بیلٹ نے جمعرات کو ‘ٹویٹر’ پر اپنے صفحے پرایک پوسٹ شیئر کی جس میں بحرینی وزیرخارجہ آل خلیفہ اور ان کے اسرائیلی ہم منصب یسرائیل کاٹز کوایک ساتھ کھڑے خوش گوارموڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ جیسن گرین بیلٹ نے اس ملاقات کوشاندار قراردیا اور لکھا کہ رواں ہفتے بحرینی اوراسرائیلی وزراء خارجہ کی ملاقات خطے میں ایک اچھی پیش رفت ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کے آخر میں امریکا کی دعوت پرمشرق وسطیٰ کے لیے ایک معاشی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس نام نہاد اقتصادی کانفرنس میں فلسطینیوں کو بعض معاشی مراعات دے کران کے سیاسی حقوق دبانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ فلسطینیوں اور کئی عرب ممالک نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …