بدھ , 24 اپریل 2024

نوعمر طالبہ ماں بننے کے 30منٹ بعد امتحان میں شریک

گنی (مانیٹرنگ ڈیسک)شوق اور لگن دو ایسی قوتیں ہیں جو ناممکن کو بھی ممکن میں بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ گنی کی ایک طالبہ نے کمرہ امتحان سے اٹھ کر بچے کی پیدائش کے صرف 30 منٹ بعد پھر سے پرچے میں شریک ہو کر مثال قائم کردی۔مغربی افریقہ کے ملک گنی میں 18 سالہ لڑکی نے تعلیم حاصل کرنے کے شوقین افراد کیلئے مثال قائم کردی۔ فاطوماتا کوروما نامی یہ لڑکی میٹرک کے امتحان میں شریک تھی جب فزکس کا پرچہ شروع ہوتے ہی اسے درد زہ محسوس ہوا ۔ وہ جلدی سے قریبی اسپتال پہنچی اور صرف 10 منٹ کے اندر بیٹے کو جنم دیا۔

صرف 30 منٹ بعد فاطوماتا ہمت دکھاتے ہوئے پھر سے پرچے میں شریک ہونے کیلئے قریبی اسپتال سے کمرہ امتحان پہنچ گئی۔ اس طرح سے اس پورے عمل میں 40 منٹ صرف ہوئے۔ماں بننے جیسے مشکل مرحلے سے گزرنے کے بعد اتنے کم وقت میں پھر سے کمرہ امتحان میں موجودگی نے اساتذہ کے ساتھ ساتھ اس کے شوہر اور گھر والوں کو بھی حیرت زدہ کردیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متعلقہ امتحانی مرکز کے سربراہ نے اس پورے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے فاطوماتا نے بتایا کہ مجھے علم تھا کہ بچے کی پیدائش جلد ہی متوقع ہے لیکن میں نے اپنے خاوند سمیت گھرمیں کسی کو اس بات سے آگاہ نہیں کیا کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ وہ مجھ سے پرچہ دینے کے بجائے اس بات پراصرار کریں گے کہ میں اسپتال چلوں۔بہادر طالبہ کے مطابق میں یہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ جس امتحان کیلئے میں نے پورا سال محنت کی تھی عین وقت پر اسے چھوڑ دوں۔

گھر والوں کی خواہش پر نومولود کا نام ’’ایسپوے ‘‘ رکھا گیا ہے جس کا مطلب فرینچ میں ’’ امید‘‘ ہے۔فاطوماتا کی اس بہادری پر سب کی جانب سے تعریف اور مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

10 جملوں میں لکھے حروف کو کم وقت میں گننے کا ریکارڈ

اربد: ایک اردنی شخص نے اپنی ریاضی کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے …