جمعہ , 19 اپریل 2024

دورہ پاکستان؛سری لنکا کا سیکیورٹی وفد اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی اور سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کو یقینی بنانے کے لیے سری لنکا کا سیکیورٹی وفد اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس پیشرفتے سے آگاہ کیا گیا تاہم یہ واضح نہیں کہ سری لنکن وفد کس تاریخ کو دورہ کرے گا۔ٹوئٹ میں کہا گیا کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو سیکیورٹی وفد بھجوانے کی یقین دہانی کرادی ہے، سری لنکا کرکٹ بورڈ کا وفد اگست میں پاکستان آئے گا۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ وفد کی پاکستان آمد کے بارے میں حتمی تاریخوں کا اعلان جلد کردیا جائے گا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سریز اکتوبر میں شیڈول ہے۔پی سی بی سیریز کے دو ٹیسٹ میں سے ایک کے پاکستان میں انعقاد کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں سری لنکن بورڈ کو قائل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد قومی ٹیم نے کوئی بھی ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلا۔

تاہم پاکستان سپر لیگ کے میچز کے ملک میں کامیاب انعقاد کی بدولت جزوی طور پر عالمی کرکٹ بحال ہوئی اور زمبابوے کی ٹیم کے بعد ورلڈ الیون نے پاکستان آ کر میچز کھیلے جبکہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیموں نے بھی پاکستان میں محدود اوورز کے میچز کھیلے۔

ان میچز کے بہترین سیکیورٹی کی موجودگی میں کامیاب انعقاد سے مستقبل میں پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی اور پی سی بی نے دیگر ملکوں کو بھی پاکستان آ کر میچز کھیلنے کی دعوت دی۔بورڈ نے گزشتہ سال آسٹریلیا کو بھی ون ڈے سیریز کے چند میچز پاکستان آ کر میچز کھیلنے کی دعوت دی تھی لیکن کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اس پیشکش کو مسترد کردیا گیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …