ہفتہ , 20 اپریل 2024

آٹو انڈسٹری کی سیلز میں کمی، ورکرز کی ملازمتوں کو خطرہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) آٹو موٹیو انڈسٹری (گاڑی ساز صنعت) کی سیلز میں نمایاں کمی ہونے کی وجہ سے اس سیکٹر میں آئندہ چند ماہ کے دوران 10 سے 15 فیصد تک ملازمتیں (ڈائریکٹ جاب) ختم ہونے کا خدشہ ہے۔مذکورہ سیکٹر میں مشکل وقت کے خطرے سے پہلے دوچار کیا جاچکا ہے جس کی بڑی وجہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی، 2.5 فیصد سے 7.5 فیصد تک فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے اور سخت معاشی حالات بتائے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں 7 فیصد کمی واقع ہوئی جس کے حوالے سے ماہرین کا ماننا ہے کہ رواں مالی سال مارکیٹ میں مزید 15 سے 20 فیصد کمی ہوگی۔اس کی بڑی مثال ہونڈا اور ٹویوٹا گاڑی بنانے والی کمپنیاں 13سو سی سی انجن کی حامل گاڑیوں کی فرخت میں کمی کی وجہ سے اپنی پروڈکشن روکنے پر مجبور ہوئیں۔

ان کمپنیوں کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی فروخت میں کمی کی وجہ سے ان کے پاس پہلے سے ہی غیر فروخت شدہ یونٹس موجود ہیں تاہم وہ ان یونٹس کی فروخت تک نئے یونٹس نہیں بناسکتے۔

ہونڈا اٹلس کارز پاکستان (ایچ اے سی پی) کے ایک عہدیدار نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ سیلز میں حال ہی میں کچھ اضافہ ہوا ہے، تاہم وہ دیگر ماہ کی سیلز کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیلز میں کمی کا مطلب گاڑی سازوں کے منافع میں کمی ہے، جس سے براہ راست ٹیکس کی مد میں حکومتی آمدن بھی کم ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آٹو موٹیو انڈسٹری کی سست رفتار تب تک ختم نہیں ہوسکتی جب تک حکومت ٹیکسز میں کمی نہ ہوجائے کیونکہ اس کی وجہ سے کمپنیوں کو گاڑی کی قیمتیں کم کرنے میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ہونڈا کا پلانٹ گزشتہ 12 روز سے بندش کا شکار ہے۔ادگھر ٹویوٹا بنانے والی انڈس موٹرز کمپنی (آئی ایم سی) نے اپنا پلانٹ ہفتے میں صرف 5 روز چلانے کا اعلان کیا تھا جبکہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنا پلانٹ بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایک آٹو پارٹس سپلائر الماس حیدر کا کہنا ہے کہ پاک سوزوکی کمپنی درآمد شدہ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی کی وجہ سے اپنے منافع میں زبردست اضافے کے لیے پر امید ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آٹو انڈسٹری حساس قیمت انڈسٹری ہے، جہاں قیمتوں کا بڑھنا یا کم ہونا گاڑیوں کی فروخت بڑھنے یا کم ہونے پر اثر انداز ہوتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …