جمعرات , 25 اپریل 2024

’امریکی ایئرلائنز کیلئے جلد ایئرپورٹس کلیئر کردیے جائیں گے‘غلام سرور

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) حال ہی میں امریکی ٹیم نے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا جس کے بعد جلد ہی ایئر پورٹس کو امریکی ایئر لائنز کے لیے کلیئر کردیا جائے گا۔یہ بات وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ حکام کی جانب سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فراہم کردہ سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے حال ہی میں ایک امریکی ٹیم نے دورہ کیا تھا۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ قرضوں کے بوجھ تلے دبی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کو ہوائی جہاز کی کمی کا سامنا ہے۔

تاہم پی آئی اے کے بزنس پلان سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر سال پی آئی کے بیڑے میں 5 طیارے اور ایک بوئنگ 777 شامل کیا جائے گا جبکہ ایئر بس اے 320 جون میں ہی شامل کیا گیا ہے۔

غلام سرور کا مزید کہنا تھا کہ وہ مسافروں کے سامان کی پلاسٹک ریپنگ کروانے کے حق میں ہیں جو دنیا بھر میں بھی لازمی ہے لیکن سول ایوی ایشن نے خود ہی اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کردیا۔انہوں نے بتایا کہ نوٹیفکیشن جاری کرنے والے عہدیدار کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر برائے ہوا بازی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے (دورہ امریکا کے دوران) کشمیر کا مسئلہ موثر انداز میں جاگر کیا جسے دنیا بھر میں رہنے والے کشمیریوں نے سراہا۔

انہوں نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کو ’صدر ایوب کے بعد کسی ملکی سربراہ‘ کا دورہ قرار دیا جس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو ایک عظیم قوم گردانا۔غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ احتسابی عمل کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف بدعنوانی پر قانونی کارروائی کی گئی جبکہ ماضی میں کسی نے بااثر شخصیات کے خلاف کارروائی کی ہمت نہیں کی۔

سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بارے میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملک کے بہترین مفاد میں اپوزیشن پارٹی سے تحریک واپس لینے کی اپیل کی تھی۔غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جمعرات کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان اپنے برے کارناموں کی وجہ سے کررہی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف اسی روز ’یومِ تشکر منائے گی۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …