ہفتہ , 20 اپریل 2024

دانتوں کی تکلیف دور کرنے کے چند نہایت آسان طریقے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دانت کا درد کتنا شدید ہوتا ہے کہ اس کا اندازہ لگ بھگ ہر فرد کو ہی ہوتا ہے اور ایسا ہونے پر آپ کی روز مرہ کی زندگی بھی بہت زیادہ متاثر ہوجاتی ہے۔اکثر دانتوں میں خلا، دانت کے ہلنے، مسوڑوں کے انفیکشن یا دیگر وجوہات کی بناء یہ درد آپ کی روز مرہ کی زندگی عذاب بنا دیتا ہے۔

دانت کا درد کبھی بھی آپ کو اپنا شکار بناسکتا ہے اور اکثر ایسی صورت میں ڈاکٹر کے پاس جانا مشکل ثابت ہوتا ہے تاہم کچھ گھریلو نسخے آپ کو اس سے کچھ دیر کے لیے نجات دلانے کے لیے ضرور مددگار ثابت ہوسکتے ہیں جس کے بعد آپ آرام سے ڈاکٹر سے رجوع کرکے دیرپا علاج کروا سکتے ہیں۔

نمک ملے پانی سے کلیاں
ایک چائے کا چمچ نمک گرم پانی کے ایک کپ میں گھول کر درد ختم کرنے والا ماؤتھ واش بنالیں جو تکلیف کا باعث بننے والے کچرے کو صاف کرکے سوجن میں کمی لانے میں مدد دے گا۔ اس نمک ملے پانی کو منہ میں بھر کر 30 سیکنڈ اچھی طرح ہلائیں اور پھر تھوک دیں۔ اس عمل کو اس وقت تک دوہرائیں جب تک ضرورت محسوس ہو یا درد میں کمی نہ آجائے۔

چائے سے آرام ملے
پودینے کی چائے کا ذائقہ اچھا ہوتا ہے اور اس میں تکلیف دہ جگہ کو بے حس کرنے کی طاقت ہوتی ہے۔ پودینے کے خشک پتوں کا ایک چائے کا چمچ ایک کپ گرم پانی میں شامل کریں اور 20 منٹ تک ڈبو کر رکھیں، جب یہ چائے ٹھنڈی ہوجائے تو اسے منہ میں بھر کر حرکت دیں اور پھر تھوک دیں یا نگل لیں۔ اس کے علاوہ عام چائے کی خشک پتی بھی سوجن کم کرکے درد میں کمی لانے میں مدد دے سکتی ہے۔ اس کے لیے آپ ایک گرم اور گیلا ٹی بیگ متاثرہ جگہ پر کچھ دیر کے لیے لگا کر عارضی ریلیف حاصل کرسکتے ہیں۔

بہترین ٹولز سے دانتوں کی صفائی
ایسا ٹوتھ پیسٹ استعمال کریں جو حساس دانتوں کے لیے، خاص طور پر اگر آپ کو مسوڑوں کی تکلیف کا سامنا ہو تو اس سے درد میں نمایاں کمی آئے گی اور پھر ٹھنڈا یا گرم دانتوں پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوگا۔ اسی طرح زیادہ نرم برش کو استعمال کرکے بھی آپ مسوڑوں کو سکڑنے سے روک کر ٹھنڈا گرم کی تکلیف کی روک تھام کرسکتے ہیں۔

برف بھی فائدہ مند
ایک چھوٹے آئس کیوب کو ایک تھیلی میں رکھیں اور پھر ایک باریک کپڑے کو تھیلی کے گرد لپیٹ دیں اور پھر تکلیف دہ دانت پر 15 منٹ تک لگائے رکھیں تاکہ اعصاب سن ہوجائیں۔ اس کے علاوہ تکلیف سے نجات کا ایک اور دلچسپ طریقہ آئس کیوب سے اپنے ہاتھ پر مساج کرنا ہے جس سے دانت کے درد میں کمی آجاتی ہے۔ درحقیقت آپ کی انگلیاں جب ٹھنڈک کا سگنل دماغ کو بھیجتی ہیں تو وہ دانت سے نکلنے والے درد کے سگنلز کو دبا دیتا ہے۔

دانتوں کے خلاء کے لیے چیونگم کا استعمال
اگر تو آپ کا کوئی دانت ٹوٹ گیا ہے یا فلنگ نکل گئی ہے تو آپ درد میں کمی لانے کے لیے متاثرہ حصے کو نرم چیونگم سے بھر سکتے ہیں۔ اس سے آپ خلاء کو پُر کر کے درد میں کمی لاسکتے ہیں اور چیونگم کو وہاں اس وقت تک لگا رہنے دیں جب تک آپ ڈاکٹر سے نہ مل لیں۔

دباؤ بہترین طریقہ
ایکوپریشر تیکنک کو استعمال کرکے بھی دانت کے درد کو بہت تیزی سے روکا جاستکا ہے۔ اپنے انگوٹھے سے دوسرے ہاتھ کے پشت پر اس حصے کو 2 منٹ تک دبائیں جہاں آپ کا انگوٹھا اور شہادت کی انگلیاں مل رہے ہو۔ اس سے ایک کیمیکل اینڈروفینز خارج ہوگا جو کہ خوش مزاجی کا باعث سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ڈائری لکھنے سے ذہنی و مدافعتی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

لندن:کمپیوٹرائزڈ اور اسمارٹ موبائل فون کے دور میں اب اگرچہ ڈائریز لکھنے کا رجحان کم …