منگل , 15 اکتوبر 2019

جیلیں بھر دیں گے لیکن حکومت کو نہیں مانیں گے، یوم سیاہ جلسے سے رہنماؤں کا خطاب

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم جیلیں بھر دیں گے لیکن حکومت کو نہیں مانیں گے۔عام انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر پشاور میں اپوزیشن جماعتوں نے احتجاجی جلسہ منعقد کرکے یوم سیاہ منایا۔ جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان ، احسن اقبال، اسفند یار ولی، آفتاب شیرپاؤ، نیر بخاری نے حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اپوزیشن نے اسلام آباد کی کال دی تو حکومت کو گھرجانے سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم جیلیں بھر دیں گے لیکن حکومت کو نہیں مانیں گے، 25 جولائی کے انتخابات جعلی تھے، اب پورے ملک میں عمران خان سلیکٹیڈ نہیں ریجیکٹڈ ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات جعلی تھے حکومت جتنی جیلیں بھر لے ہم اس کو نہیں مانیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل سے نوازشریف کا پیغام لے کر آیا ہوں کہ قیام امن اور فاٹا انضمام مسلم لیگ نے کر دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے اپوزیشن کے جلسے کو بارش کا پہلا قطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک تباہی کے دہانے پر ہے، مہنگائی کا طوفان لاکر تبدیلی لائی گئی انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں حقیقی جمہوری انتخابات کرائے جائیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما نیر بخاری نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی کو ایک اور شوکت عزیز ملک پر مسلط کیا گیا ہے، عمران خان بچے گا نہ ہی سینیٹ کے چیئرمین، ہم دونوں کو ڈوبو دیں گے۔

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاو نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ عمران نیازی سے ملکی سلامتی کو خطرہ ہے ملکی میڈیا پر قدغن ہے، سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ آئین کی خلاف ورزیاں کرکے ملک آمریت کی طرف جا رہا ہے۔خیال رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان بھر میں یوم سیاہ منانے اور احتجاجی جلسوں کا اعلان کیا تھا۔

اس سلسلے میں پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔ پشاور میں مولانا فضل الرحمان، اسفند یار ولی، آفتاب شیر پاؤ و دیگر سیاسی رہنما شریک ہوئے۔

کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزار قائد پر جلسہ کیا۔ کوئٹہ میں منعقدہ احتجاجی جلسے میں مریم نواز اور محمود خان اچکزئی مرکزی رہنما تھے۔اس کے علاوہ لاہور میں احتجاجی جلسے کی قیادت صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کی۔حکومت اپوزیشن کے یوم سیاہ کے جواب میں 25 جولائی کو یوم تشکر منارہی ہے۔

دوسری جانب عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا، مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی گئیں، کیک اورمٹھائیوں سے منہ میٹَھے کرائے گئے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعون نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اُس کی فتح کا دن ہے، لوٹ مار کرنے والے سیاسی لوگ عبرت کا نشان بن رہے ہیں۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کے دن عوام نے عمران خان کی قیادت میں مافیا کو تاریخی شکست دی، سفر کٹھن، راہ گزر کانٹوں سے پُر اور سنگلاخ لیکن منزل ایک ترقی کرتا پاکستان۔

یہ بھی دیکھیں

چیئرمین نیب کے تقرر کے خلاف درخواست کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی تعیناتی اور نیب …