منگل , 23 اپریل 2024

ٹرمپ عمران قربت سے بھارتی مشکلات بڑھ سکتی ہیں:امریکی ماہرین

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ماہرین نے کہا ہے صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی قربت سے بھارت کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں، مودی حکومت ابھی تک سکتے میں ہے کہ عمران خان نے صرف ایک ہی ملاقات میں میلہ لُوٹ لیا۔ پروفیسر حامد خان نے کہا بھارت نے صدر ٹرمپ کو جنوری 2019ء میں دعوت دی تھی کہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں لیکن صدر نے یہ آفر مسترد کر دی، نریندر مودی کو اسی وقت عقل کرنی چاہیئے تھی کہ معاملات اتنے آسان نہیں جتنے وہ سمجھ رہے ہیں۔

طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات 90 فیصد کامیاب ہو چکے ہیں کیونکہ امریکہ نے انکی تقریباً سب اہم شرائط کو تسلیم کر لیا ہے جس میں یہ بھی شامل ہے کہ افغانستان کا نیا آئین شریعت کے مطابق ہو گا اور طالبان بھی نئی حکومت کا حصہ ہونگے ، اب صرف طالبان کا غنی حکومت کے ساتھ مذاکرات اور امریکی افواج کی واپسی کا اعلان ہونا باقی ہے ۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ بھارت، چین، روس اور ایران پر اعتماد کرنے کی بجائے پاکستان کو افغانستان میں امریکی افواج کی باعزت واپسی کا کریڈٹ دینا چاہتے ہیں اور عمران خان اس سنہری موقع کو ہاتھ سے ضائع نہیں کرنا چاہتے ، اسکے بدلے وہ پاکستان کے لیئے امریکہ سے بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ عمران کی دو گھنٹے کی ملاقات نے بھارتی خارجہ پالیسی کی پوری بساط ہی اُلٹ دی ، اگر صدر ٹرمپ نے پاکستان کا دورہ کیا تو تیرہ سال کے بعد کسی امریکی صدر کا پہلا دورہ ہو گا،مسئلہ کشمیر پر اگر صدر ٹرمپ کی بات سچ مانی جائے تو بھارت کی یہ شرمناک شکست اور پاکستان کی سفارتی جیت ہے ، ابھی تک نریندر مودی نے صدر ٹرمپ کے دعویٰ کی تردید نہیں کی۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …