جمعرات , 18 اپریل 2024

میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر: عدالت کا ٹرمپ کے حق میں فیصلہ

نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کے لیے اڑھائی ارب ڈالر کی رقم فوری جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے فوری اڑھائی ارب ڈالر جاری کیے جائیں۔ اس سے قبل ریاست کیلی فورنیا کی وفاقی عدالت نے ٹرمپ حکومت کو رقم سرحدی دیوار کی تعمیر پر خرچ کرنے سے کہہ کر روک دیا تھا کہ کانگریس نے رقم اس مقصد کے لیے مختص نہیں کی۔

وفاقی عدالت کے فیصلے کیخلاف ٹرمپ حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس نے اپنے فیصلے میں ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کے نو میں سے 5 ججز نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے حق میں فیصلہ دیا جب کہ 4 ججز نے مخالفت کی۔اعلیٰ عدالت کے اکثریتی فیصلے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کو فنڈز سرحدی دیوار کی تعمیر پر خرچ کرنے کی اجازت ہو گی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہا کہ دیوار کی تعمیر پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ رد کردیا اور دیوار کی تعمیر جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ یہ سرحدی سکیورٹی اور قانون کی حکمرانی کی بڑی فتح ہے۔

عدالت نے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ حکومت یہ موقف ثابت کرنے میں کامیاب رہی کہ فنڈز کے استعمال کے خلاف عدالت جانے والے مقدمہ دائر کرنے کے مجاز ہی نہیں تھے کیوںکہ اس فیصلے سے براہِ راست متاثر نہیں ہوتے۔فنڈز کے استعمال کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کی عہدیدار گلوریا اسمتھ نے عدالتی فیصلے کے بعد کہا کہ فوجی مقاصد کے لیے مختص فنڈز دیوار کی تعمیر پر لگانے سے کیلی فورنیا، نیو میکسیکو اور ایریزونا کی رہائشی آبادیاں اور زمینیں تباہ ہوجائیں گی۔

ڈیموکریٹ ارکان کے مطابق صدر کا اقدام اختیارات سے تجاوز ہے لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ کانگریس کی جانب سے دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈز کی فراہمی سے مسلسل انکار کے بعد پاس ہنگامی حالت کے نفاذ کے سوا اور کوئی چارہ نہیں تھا۔یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے سرحدی دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 ارب ڈالرز طلب کیے تھے جسے ڈیموکریٹس کی سخت مخالفت کے باعث کانگریس نے منظور نہیں کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

بائیڈن کے حماس سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے چار اہم نتائج

ایک علاقائی اخبار نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کو مختلف جہتوں سے حماس کے خلاف امریکہ …