ہفتہ , 23 نومبر 2019

خلیجی ریاستوں میں قابل استعمال ڈرائیونگ لائسنس جلد جاری کیا جائے گا،مراد سعید

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات اور پوسٹل سروسز مراد سعید کا کہنا ہے کہ خلیجی ریاست میں قابل استعمال ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے لیے اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) میں ای بلنگ سسٹم کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے اندر وفد دبئی روانہ ہوگا جہاں وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حکام سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرے گا جس کے تحت پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس کو خلیجی ریاست میں قبول کیا جائے گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک خبر سنی ہے کہ یو اے ای کی حکومت نے کسی اور ملک سے بھی اس ہی طرح کا ایک معاہدہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یو اے ای میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ایک مشکل ترین مرحلہ ہے تاہم ایک مرتبہ یہ معاہدہ ہوگیا تو مقامی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے ڈرائیورز کے پاس خلیجی ریاستوں میں مزید مواقع ہوں گے کیونکہ انہیں دوسرا لائسنس حاصل نہیں کرنا پڑے گا’۔ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی کے دفاتر پورے ملک میں قائم کیے جائیں گے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ این ایچ اے جلد اپنے ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات، سروس کی مدت، جرمانے، تبادلے/تعیناتی اور دیگر تفصیلات شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ویب سائٹ پر ڈالے گا’۔مراد سعید کا کہنا تھا کہ این ایچ اے میں پہلی مرتبہ اپنے ٹھیکیداروں کو اربوں روپے ادا کرنے کے لیے ای بلنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے تاکہ کرپشن کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس سسٹم سے شفافیت اور بلوں پر تیز تر کارروائی عمل میں آئے گی، اس سے کرپشن پر نظر رکھنے کے علاوہ 50 فیصد وقت بھی بچے گا، ای بلنگ متعارف کرانا وزارت مواصلات کا کرپشن پر قابو پانے کی طرف پہلا قدم ہے’۔

تقریب میں ای بلنگ سسٹم کے کام کرنے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی اور ٹھیکیداروں کو بتایا گیا کہ وہ اپنے بل این ایچ اے کے ای بلنگ پورٹل پر ڈالیں گے اور ایک کنسلٹنٹ اس کی تصدیق کرے گا جس کے بعد فنانس ونگ اس پر کارروائی کرکے اسے منظور کرے گا’۔بعد ازاں تقریب میں یہ بھی بتایا گیا کہ ای بلنگ سسٹم کو این ایچ اے کی جانب سے اپنی مہارت اور وسائل کا استعمال کرتے ہوئے خود بنایا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان، ملائشیا اور ترکی جلد مشترکہ ٹی وی چینل شروع کرنے جارہے ہیں، وزیر خارجہ

اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ پاکستان، ملائشیا اور ترکی جلد مشترکہ …