بدھ , 24 اپریل 2024

شریف خاندان کے دو اہم افراد کو مدینہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب روانہ ہونے والی پرواز سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے 2 بھتیجوں کو آف لوڈ کردیا گیا۔میاں نواز شریف کے مرحوم بھائی عباس شریف کے دونوں بیٹے یوسف عباس اور عبدالعزیز عباس حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جارہے تھے جب انہیں ایف آئی اے کے امیگریشن حکام نے مدینہ کے لیے روانہ ہونے والی پرواز سے آف لوڈ کیا۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ان دونوں کے نام پروژنل نیشنل آئیڈینٹیٹیز لسٹ (پی این آئی ایل) میں شامل تھے، یہ امیگریشن قوانین کے تحت متعارف کروائی گئی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کی طرز کی نئی فہرست ہے جس کے تحت حکومتی شعبے کی درخواست پر مسافروں کو ملک چھوڑنے سے روکا جاسکتا ہے۔خیال رہے کے دونوں بھائیوں کا نام نیب لاہور کی جانب سے چوہدری شوگر ملز (سی ایس ایم) کیس میں شامل کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ ’نیب نے حال ہی میں وزارت داخلہ کو یوسف عباس اور عبدالعزیز عباس کے نام پی این آئی ایل میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی تا کہ وہ ملک سے باہر نہ جاسکیں۔انہوں نے بتایا کہ ’نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز شریف اور دیگر کے ساتھ ساتھ یہ دونوں بھائی بھی منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں تفتیش کا سامنا کررہے ہیں’۔

خیال رہے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز بدھ کے روز نیب حکام کے سامنے پیش ہوئی تھیں، کمپنی کی بڑی شراکت دار کی حیثیت سے انہوں نے چوہدری شوگر ملز کی مشتبہ مالی ٹرانزیکشن کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا تھا کہ چوہدری شوگر ملز میں سال 2001 سے 2017 کے درمیان غیر ملکیوں کے نام پر اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی گئی اور انہیں لاکھوں روپے کے حصص دیے گئے۔جس کے بعد وہی حصص متعدد مرتبہ مریم نواز، حسین نواز اور نواز شریف کو بغیر کسی ادائیگی کے واپس کیے گئے جس سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ کمپنی میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے غیر ملکیوں کا نام اس لیے بطور پراکسی استعمال کیا گیا کیوں کہ شریف خاندان کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جانے والی رقم وائٹ منی نہیں تھی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوسف عباس اور مریم نواز نے تحقیقات میں شمولیت اختیار کی لیکن سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو پہچاننے اور رقم کے ذرائع بتانے سے قاصر رہے اور مریم نواز نوٹس میں بھجوائے سوالوں کے علاوہ کسی سوال کا جواب نہیں دے سکیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …