ہفتہ , 20 اپریل 2024

وزیر اعظم کا وفاقی دارالحکومت میں جامع منصوبہ بندی کے بغیر پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم نے وفاقی دارالحکومت میں بے ربط تعمیرات اور جامع منصوبہ بندی کے بغیر پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی زلفی بخاری، سابق وزیر خزانہ اسد عمر، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین، تعمیرات، ٹاؤن پلاننگ، ماحولیات، قانون کے حکام اور متعلقہ ماہرین بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی اور وفاقی دارالحکومت میں بے ربط تعمیرات اور جامع منصوبہ بندی کے بغیر پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عوام کو درپیش مشکلات بشمول ماحولیاتی و انتظامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آبادی میں مسلسل اضافے اور انتظامی مسائل کو نظر انداز کیا گیا، نتیجہ تعمیرات میں بے ہنگم اضافے اور گرین ایریاز کی تلفی کی صورت میں نکلا ہے۔ گرین ایریاز میں کمی سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات ہوئے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تغیر اور آلودگی ملک کا بڑا مسئلہ ہے، مسائل کے حل پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آبادی میں اضافے اور زمینی حقائق کا مکمل جائزہ لیا جائے۔

وزیر اعظم نے عبوری عرصے کے لیے گرین ایریاز کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کے لیے ذیلی قوانین کو جلد حتمی شکل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کچی آبادیوں کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کریں گے، رہائشیوں کو جدید شہری سہولتیں دے کر معیار زندگی بہتر کریں گے۔اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے شجر کاری مہم پر بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …