جمعہ , 19 اپریل 2024

آرمی چیف کا نوجوانوں کو پیغام

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کے روز آئی ایس پی آر کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان قانون کی بالادستی اور میرٹ اپنائیں۔ شارٹ کٹ نہ دیکھیں، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ دو دہائیوں سے بڑے چیلنجز کا سامنا رہا جن کا پاکستانی قوم اور فوج نے کامیابی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو متحرک اور ذہین نوجوانوں سے نوازا ہے اور ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ آرمی چیف نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ اپنے اندر اعتماد پیدا کریں اور میرٹ پر ڈٹے رہیں۔ یہ حقیقت ناقابل تردید ہے کہ کسی قوم یا ملک کا اصل سرمایہ اس کے وہ ذہین، تعلیم یافتہ، بااعتماد اور ہنر مند نوجوان ہوا کرتے ہیں جنہوں نے آگے چل کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنا ہوتی ہے۔ پاکستان اس حوالے سے بھی خوش قسمت ہے کہ اس کی مجموعی آبادی کا 60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو اپنی ذہانت و قابلیت میں کسی سے کم نہیں ، بھرپور مواقع میسر نہ آنے باوجود انہوں نے ایسے محیرالعقول کارنامے سرانجام دئیے کہ دنیا دنگ رہ گئی۔ صرف ارفع کریم رندھاوا کی مثال لے لیں جس نے محض نو برس کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفایڈ پروفیشنل (ایم سی پی) بن کر دنیا کی کم عمر ترین پروفیشنل کے طور پر اپنا نام گنیز

بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرایا۔ جہاں تک مواقع کی فراہمی کی بات ہے، افسوس کہ ہماری حکومتوں نے اس طرف کبھی خاطر خواہ توجہ نہ دی۔ آرمی چیف کی طرف سے نوجوانوں کو رہنمائی فراہم کرنا دراصل حکومتوں کے لئے بھی مشعل راہ ہے کہ یہ نوجوان ہی ہیں جو قانون کی بالادستی اور میرٹ اپنائیں تو پورا معاشرہ تبدیل ہو سکتا ہے، کوئی شک نہیں کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوا کرتا یہ محنت سے مشروط ایک تدریجی عمل ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ نوجوانوں پر بھرپور توجہ دے انہیں جدید ترین تعلیم سے آراستہ کرنے کے علاوہ ترقی کے مواقع فراہم کرے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے لئے ترقی یافتہ ممالک میں بھیجنے کا اہتمام بھی کرے تاکہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ قوم کی تقدیر بدل سکیں۔بشکریہ جنگ نیوز

یہ بھی دیکھیں

مریم نواز ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیوں بنیں گی؟

(نسیم حیدر) مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا تاج …