بدھ , 24 اپریل 2024

انگلینڈکی آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)رورے برنز کی سنچری کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنا لیے ہیں۔برمنگھم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 10 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو 22 کے مجموعی اسکور پر جیسن روئے صرف 10 رنز بنا کر جیمز پیٹنسن کی وکٹ بن گئے۔

اس مرحلے پر برنز کا ساتھ دینے کپتان جو روٹ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔روٹ اور برنز نے دوسری وکٹ کے لیے 132رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد سڈل نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر انگلش کپتان کو پویلین چلتا کیا۔

برنز نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ڈینلی کے ساتھ مل کر اسکور کو 189تک پہنچا دیا لیکن اسی مرحلے پر ڈینلی وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار پائے جبکہ اسکور میں پانچ رنز کے اضافے سے جوز بٹلر بھی پیٹ کمنز کو وکٹ دے بیٹھے۔

194رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد رورے برنز کا ساتھ دینے بین اسٹوکس آئے اور دونوں نے دوسرے دن کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔برنز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری اسکور کی اور اسٹوکس کے ساتھ اب تک پانچویں وکٹ کے لیے 73 رنز جوڑ چکے ہیں۔

میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنائے تھے اور اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید محض 17 رنز درکار ہیں۔رورے برنز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسرے دن کے تمام اوورز کے دوران بیٹنگ کی اور دن کے اختتام پر 125رنز بنا لیے تھے جبکہ اسٹوکس 38رنز کے ساتھ ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …