ہفتہ , 20 اپریل 2024

کیا آپ کو یوٹیوب میں آنے والی اس تبدیلی کے بارے میں علم ہوا؟

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)کیا آپ نے غور کیا کہ کچھ دنوں سے یوٹیوب پر جو ویڈیوز ہوم پیج پر نظر آتی ہیں، ان میں بچوں کے لیے تیار کی جانے والی ویڈیوز کی بھرمار ہے؟اگر ہاں تو جان لیں کہ ایسا صرف آپ کے ساتھ نہیں، درحقیقت گوگل کی اس ویڈیو شیئرنگ سائٹ کو استعمال کرنے والے تمام افراد کے ساتھ ہوا ہے۔اور اس کی وجہ یہ ہے کہ یوٹیوب نے جولائی میں خاموشی سے الگورتھم میں چند تبدیلیاں کردی تھیں۔

اس بات کا انکشاف بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں کیا گیا اور اس حوالے سے یوٹیوب کے ایک ترجمان کے مطابق ہر سال اس پلیٹ فارم میں سیکڑوں تبدیلیاں کی جاتی ہیں جبکہ کمپنی نے حال ہی میں ایک ایسی تبدیلی کی ہے جس کا مقصد صارفین کو معیاری خاندانی مواد تلاش کرنے میں مدد دینا ہے۔رپورٹ کے مطابق کمپنی نے معیاری مواد کی کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا کہ الگورتھم کس بنیاد پر تعین کرتا ہے کہ کونسی ویڈیوز کو نمایاں کرنا ہے۔

یہ بھی واضح نہیں کہ یوٹیوب نے الگورتھم میں یہ تبدیلی کیوں کی، تاہم بلومبرگ کی رپورٹ میں خیال ظاہر کیا گیا کہ اس کی وجہ امریکی ادارے ایف ٹی سی کی جانب سے یوٹیوب کے خلاف بچوں کی پرائیویسی کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات ہے۔الگورتھم میں تبدیلی کے نتیجے میں کچھ کریٹیرز کا ٹریفک بہت زیادہ کم ہوگیا جبکہ دیگر کے ناظرین بڑھ گئے جو بچوں کی ویڈیوز تیار کرتے ہیں۔

الگورتھم میں تبدیلی یوٹیوب کے مرکزی پلیٹ فارم کے ساتھ کڈز ایپ میں بھی کی گئی ہے اور اب ہر ایک کے ہوم پیج پر خاندان دوست ویڈیوز زیادہ نمایاں ہورہی ہیں اور ایسے صارفین کو بھی ایسی ویڈیوز کا مشورہ دیا جارہا ہے جو عام طور پر ایسا مواد دیکھتے ہی نہیں۔

یوٹیوب کو بچوں کی ویڈیوز کے حوالے سے کافی تنقید کا سامان تھا اور گزشتہ چند ماہ کے دوران اس کی جانب سے سائٹ میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے، جیسے سیکڑوں چینیلز کی بندش اور بچوں کے لیے تیار کی جانے والی ویڈیوز میں کمنٹس بند کردینا۔

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …