ہفتہ , 20 اپریل 2024

قومی ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کی کوشش پر حاصل بزنجو عدالت طلب

گوجرانوالہ (مانیٹرنگ ڈیسک)گوجرانوالہ کی سیشن عدالت نے قومی ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کی کوشش پر نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل بزنجو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

سینیٹر حاصل بزنجو کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست گوجرانوالہ کے وکیل منظور قادر بھنڈر نے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حاصل بزنجو نے اپنے بیان سے قومی ادارے کے سربرا ہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔ایڈیشنل سیشن جج طارق سلیم چوہان نے پٹیشن سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ سینیٹر حاصل بزنجو کو بھی 8 اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے سیکریٹری سینیٹ اسلام آباد کو سینیٹر حاصل بزنجو کی عدالت طلبی کا نوٹس بھجوادیا ہے۔

حاصل بزنجو شکست تسلیم کریں: وزیر دفاع
دوسری جانب وزیردفاع پرویز خٹک نے بھی سینیٹر حاصل بزنجو کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ بے بنیاد تبصروں سے بہتر ہے کہ حاصل بزنجو شکست تسلیم کریں اور ایسا تبصرہ ان کی سیاسی بصیرت اور سنجیدگی کی عکاسی نہیں کرتا۔

سینیٹر حاصل بزنجو اسپتال سے گھر منتقل
علاوہ ازیں نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو کو کراچی میں نجی اسپتال میں طبی معائنے کے بعد گھر منتقل کر دیا گیا۔نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو کو کراچی میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال لایا گیا جہاں ان کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق حاصل بزنجو کینسر کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ کینسر کے باعث ان کی آج ایمیونوتھراپی بھی کی گئی ہے جس کے بعد ان کے طبی معاونین نے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔

اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی اور اپوزیشن نے حاصل بزنجو کو متفقہ امیدوار نامزد کیا تھا۔تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سینیٹر حاصل بزنجو نے بیان دیا تھا جس میں قومی ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس پر پاک فوج کے ترجمان نے ان کے بیان کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ معمولی سیاسی فائدے کے لیے جمہوری عمل کو بدنام کرنے کا رجحان جمہوریت کی خدمت نہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …