جمعہ , 19 اپریل 2024

یمنی فوج نے جارح سعودی اتحاد کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا

صنعا(مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اینٹی ایئرکرافٹ سسٹم نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان میں جارح سعودی اتحاد کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے ڈرون طیارے کو سعودی عرب کے جنوبی صوبے جیزان کے جحفان علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس، یمن پر جارح سعودی اتحاد کی جارحیت کے آغاز سے اب تک سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے دسیوں ڈرون طیاروں کو تباہ کرچکی ہیں۔

آل سعود حکومت کے ذریعے یمن کا ہر طرف سے محاصرہ جاری رکھے جانے کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی دفاعی توانائیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس درمیان یمنی فورسز نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سعودی عرب کے جنوبی صوبہ عسیر میں ایک بار پھر جارح اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ یمنی فوج نے اعلان کیا ہے کہ سعودی صوبے عسیر کے البواب الحدید کے علاقے میں جارح فوجوں کے اڈوں پر زلزال ایک بیلسٹیک میزائل سے حملہ کیا گیا۔ یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اس حملے میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔

یمن کی فوج ہر روز سعودی عرب کے اندر فوجی اڈوں اور ٹھکانوں کو بیلسٹیک میزائلوں سے نشانہ بنارہی ہے اور یہ سارے حملے سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں کئے جا رہے ہیں۔ اس درمیان یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن یحیی علی القحوم نے کہا ہے کہ آل سعود حکام کو چاہئے کہ وہ اب اس قوم سے دشمنی وعداوت کرنے سے باز آجائے جس نے سعودی حکومت کی ہیبت کا بت پاش پاش کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے یمن کی جنگ میں سعودی عرب کی جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت کو چاہئے کہ وہ جنگ میں ہونے والے نقصانات اور شکستوں کے بعد اب اپنے اندازوں اور فیصلوں پر نظر ثانی کرے۔

دریں اثنا مڈل ایسٹ مانیٹر ویب سائٹ نے یمن کی جنگ میں سعودی عرب کے اہم ترین اتحادی متحدہ عرب امارات کی فوجوں کی پسپائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ امارات جنگ یمن سے پسپائی اختیار کرکے سعودی اتحاد کی شکست کی ذلت سے خود کو بچالے گا اور آخر میں سعودی ولیعہد بن سلمان اکیلے ہی اس ذلت کا بوجھ اپنے کاندھوں پر اٹھائے پھریں گے۔ یاد رہے کہ دبئی کے حکمراں محمدبن راشد آل مکتوم نے یمنی فوج کے امارات پر ہونے والے ممکنہ حملوں کے خوف سے ابوظہبی کے ولیعہد محمد بن زائد آل نہیان سے کہا ہے کہ وہ جنگ یمن سے باہر نکل آئیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …