بدھ , 24 اپریل 2024

ملیحہ لودھی کی سلامتی کونسل کی صدر سے ملاقات؛مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ ختم کرانا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔ملیحہ لودھی نے نیویارک میں سلامتی کونسل کی صدر جوانا رونیکا سے ملاقات کی جس میں انہوں نے بھارتی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی۔

اس موقع پر ملیحہ لودھی کا بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے پر کہنا تھا کہ بھارت کے غیرقانونی اقدام نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے، سلامتی کونسل خطے کے امن کو درپیش خطرات سے نمٹنےکے لیے اقدامات کرے۔

سلامتی کونسل کی صدر سے ملاقات کے دوران ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت طاقت کے زور پر اور یکطرفہ قانون سازی سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کر سکتا۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا تاہم قراردادوں پر عمل درآمد کروانا سلامتی کونسل اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے سلامتی کونسل کی صدر کو بھارتی اقدامات کے باعث خطے پر پڑنے والے خطرناک اثرات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ سلامتی کونسل کو چاہیے اس حوالے سے فوری اقدامات کرے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل بھارت نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا تھا۔گزشتہ روز بھارتی لوک سبھا نے بھی آرٹیکل 370 ختم کرنے کی منظوری دیدی تھی۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …