جمعرات , 25 اپریل 2024

محمد حفیظ، شعیب ملک سینٹرل کانٹریکٹ سے محروم،محمد عامر کی تنزلی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیزن 20-2019 کے لیے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کردیا۔سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 6 میچز، 3 ایک روزہ اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔گزشتہ سال 33 کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ دیئے گئے تھے، تاہم نئے سیزن کے لیے 19 کھلاڑیوں کو کانٹریکٹ جاری کیا گیا ہے جس میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔سینٹرل کانٹریکٹ کی ‘کٹیگری اے’ میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

کانٹریکٹ کی ‘کٹیگری بی’ میں اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔’کٹیگری سی’ میں عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری شامل ہوں گے۔نیا سینٹرل کانٹریکٹ یکم جولائی 2019 سے 30 جون 2020 تک نافذالعمل ہوگا۔

پی سی بی کے بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ 12 ماہ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، کارکردگی اور آئندہ سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا سینٹرل کانٹریکٹ جاری کیا گیا ہے۔محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سینٹرل کانٹریکٹ جاری نہیں کیا گیا لیکن دونوں کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔نئے کانٹریکٹ کے حوالے سے پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) وسیم خان نے کہا کہ بورڈ نے آئندہ سیزن کے لیے بلند اہداف رکھے ہیں اور ہم نے سینٹرل کانٹریکٹ کے حصول کے لیے معیار بلند کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …