اتوار , 7 مارچ 2021

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال:ٹرمپ انتظامیہ بحران حل کرنے میں مدد کرے گی؛ لینڈسے گراہم

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینیٹر لینڈسے گراہم نے کہا ہے کہ خطے اور پوری دنیا کو پاک بھارت فوجی تصادم سے بچانا ہوگا، امید ہے ٹرمپ انتظامیہ بحران حل کرنے میں مدد کرے گی۔امریکی سینیٹر لینڈسے گراہم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی، خطے میں کشیدگی بڑھنے سے قبل بھارتی فیصلے پر بات ہونی چاہیے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی حیثیت اور انتظامی امور سے متعلق بھارت کی قانون سازی کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، انفرادی حقوق کا احترام کیا جائے، قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے اور جو لوگ متاثر ہوئے ہیں ان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق جموں و کشمیر کے لوگوں کی گرفتاریوں اور مسلسل پابندیوں کی اطلاعات پر امریکا کی تشویش برقرار ہے۔ امریکا تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور ضبط و تحمل سے کام لیں۔ محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ تمام فریق لائن آف کنٹرول پر امن و استحکام برقرار رکھیں، کشمیر سمیت تمام مسائل پر پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

یہ بھی دیکھیں

شام پر حملہ کرنے والے اسرائیلی میزائل تباہ

شامی فوج نے صوبہ حماہ کی فضا میں اسرائیل کے میزائلی حملوں کو ناکام بنا …