اتوار , 15 دسمبر 2019

دنیا اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے سے گریز کرے:اقوام متحدہ

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشن کے ترجمان نے امریکا میں فائرنگ کے حالیہ خونریز واقعات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پوری دنیا کے حکام سے کہا ہے کہ وہ اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے سے گریز کریں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشن کے ترجمان روپرٹ کولوپل نے کہا ہے کہ ہم نسل پرستی، تعصب اور دیگر قوموں کے خلاف نفرت انگیزی کی ہر شکل میں مذمت کرتے ہیں خواہ وہ سفید فام نسلی برتری کی شکل میں ہی کیوں نہ ہو-

انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کے حکام منجملہ امریکی حکام سے کہنا چاہتے ہیں کہ نسلی امتیاز اور تشدد کے خاتمے کے لئے مثبت قدم اٹھائیں- یو این ہائی کمیشن فار ہیومن رائٹس کے ترجمان روپرٹ کولوپل نے کہا سوشل میڈیا میں نفرت کی ترویج پر نظر رکھنے والا قانون ایسا ہونا چاہئے جو آزادی بیان کے حق میں توازن کو برقرار رکھے-

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تارکین وطن کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات سے نسل پرستی میں اضافہ ہوا ہے کہا کہ ہمیں اس بات پر تشویش ہے کہ اس طرح کے بیانات سے نہ صرف اقلیتیں، تارکین وطن، پناہ گزیں اور خواتین بدنام اور مثبت انسانی ماحول سے محروم ہوں گی بلکہ اس سے پورے معاشرے کو خطرہ بھی لاحق ہو جائے گا-

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے اور اتوار کو امریکی ریاستوں، ٹیکساس، اوہائیو اور شیکاگو شہر میں فائرنگ کے دو تین بڑے خونریز واقعات رونما ہوئے جن میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے جبکہ مجموعی طور پران واقعات میں تیس سے زائد افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے تھے-

یہ بھی دیکھیں

اسرائیلی فوج نے الخلیل میں حماس کے 5 رہنماؤں کو گرفتار کرلیا

تل ابیب: اسرائیلی فوج نے مغربی پٹی میں فلسطینی تنظیم حماس کے 5 رہنماؤں کو …