ہفتہ , 20 اپریل 2024

‘تارکین وطن پاکستانی 15 اگست کو بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کریں’زلفی بخاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے بیرون ممالک میں مقیم مستحق پاکستانیوں کو صحت کارڈ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تارکین وطن پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ 15 اگست کو بھارت کی آزادی کے دن دنیا بھر میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کرے۔یہ اپیل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تارکین وطن زلفی بخاری نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 14 اگست کو پاکستان کی آزادی کے دن کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام سے یوم یکجہتی کا دن بھی منایا جائے گا جبکہ 15 اگست بھارت کے مقبوضہ کشمیر سے اس کی خصوصی حیثیت واپس لینے کے فیصلے کے خلاف احتجاج میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں بیرون ملک میں رہا ہوں مجھے معلوم ہے کہ وہاں احتجاج کی کتنی اہمیت ہوتی ہے اور میری اپیل ہے تمام تارکین وطن پاکستانیوں سے کہ 15 اگست کو بھارتی ہائی کمیشن یا سفارتخانے کے باہر احتجاج کریں’۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ‘تارکین وطن پاکستانیوں کو انسانی حقوق کی معاملے پر اپنے دوستوں سے بھی اس احتجاج میں شرکت کی دعوت دینی چاہیے’۔انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی 15 اگست کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج میں شرکت کریں گے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے اعلان کیا کہ وہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی مزدوروں اور ان کے پاکستان میں اہلخانہ کو صحت سہولت پروگرام میں شامل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘تارکین وطن پاکستانی مزدور بیرون ممالک میں دن رات کام کرتے ہیں اور اپنا قیمتی پیسہ اپنے وطن بھیجتے ہیں جو غیر ملکی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہے، اب وقت ہے کہ ہم بھی انہیں سماجی تحفظ فراہم کریں’۔انہوں نے کہا کہ ‘اوورسیز پاکستانیوں کو صحت انصاف کارٖ کی فراہمی دو وزارتوں کے درمیان انوکھا تعاون ہوگا اور اس اقدام کے تحت وزارت صحت اور وزارت تارکین وطن پاکستانی بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی مزدوروں اور ان کے اہلخانہ کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکیم 15 اکتوبر کو متعارف کرائی جائے گی اور اس سے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی مزدور فائدہ اٹھاسکیں گے جو حال ہی میں حکومت کی سماجی تحفظ کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پرانے مزدوروں کو سیلف فنانس کے تحت صحت کارڈ کا جرا کیا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …