جمعہ , 19 اپریل 2024

امریکہ کشمیریوں کے لیے کیا کررہا ہے؟ رکن کانگریس کا استفسار

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی رکن کانگریس تھامس سوازی نے ٹرمپ انتظامیہ سے استفسار کیا ہے کہ امریکہ کشمیریوں کے لیے کیا کررہا ہے؟ انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ صورتحال میں کشمیر امریکی انتظامیہ کی توجہ کا مزکز ہونا چاہیے۔ امریکی کانگریس کے رکن تھامس سوازی نے مقبوضہ وادی کشمیر میں انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔

خط میں اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ امریکی انتظامیہ کو کشمیر پر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔امریکی رکن کانگریس نے خط میں لکھا ہے کہ بھارتی اقدامات سے کشمیر میں موجود تناؤ میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ کے موجودہ سیکریٹری خارجہ جو ماضی میں امریکن سی آئی اے کے ڈائریکٹر رہ چکے ہیں، کو مخاطب کرتے ہوئے تھامس سوازی نے استفسار کیا ہے کہ جب کشمیر میں سینکڑوں افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں اور انٹرنیٹ تک بند ہے تو امریکی انتظامیہ کیا کررہی ہے؟ انہوں ںے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کی خود مختاری سلب کرلی ہے۔

رکن امریکی کانگریس نے لکھا ہے کہ پانچ اگست کے بھارتی اقدام سے کشمیر میں حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی اقدام سے انتہا پسندوں کو کارروائی کا موقع ملے گا۔تھامس سوازی نے اپنی تشویش کے متعلق لکھا ہے کہ وہ اس لیے بھی زیادہ ہے کہ عیدالاضحیٰ سرپر ہے۔ انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ پرتشدد صورتحال کو روکنے کے لیے ہمیں ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے۔

ٹرمپ انتظامیہ میں انتہائی اہمیت کے حامل قراردیے جانے والے سینیٹ میں قانون ساز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر لنڈسے گراہم نے چند روز قبل اس امید کا اظہار کیا تھا کہ موجودہ ٹرمپ انتظامیہ کشمیر کے حوالے سے پیدا شدہ بحران کو حل کرنے میں پاکستان اور بھارت کی مدد کرے گی۔

امریکہ کے بااثر سینیٹر لنڈسے گراہم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو فوجی تصادم سے بچانے کے لیے خطے سمیت پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ یہ ان کے اپنے مفاد میں ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …