ہفتہ , 20 اپریل 2024

بلیاں گھاس کیوں کھاتی ہیں؟

اوسلو(مانیٹرنگ ڈیسک) ’’بلیاں گھاس کیوں کھاتی ہیں؟‘‘ عام طور پر اس سوال کا جواب یہ دیا جاتا ہے کہ بلیاں جب بیمار ہوتی ہیں تو گھاس کھاتی ہیں تاکہ وہ صحت یاب ہوجائیں لیکن ماہرینِ حیوانیات کی تازہ تحقیق کچھ اور ہی بتاتی ہے۔برجن، ناروے میں ’’انٹرنیشنل سوسائٹی فار اپلائیڈ ایتھولوجی‘‘ کے سالانہ اجلاس میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے حیوانیات داں ڈاکٹر بنجمن ہارٹ اور ان کے ساتھیوں نے اپنی تازہ تحقیق کے نتائج پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگرچہ بلیاں کبھی کبھار گھاس ضرور کھاتی ہیں لیکن اس کی وجہ بیماری نہیں بلکہ شاید یہ ایک ایسی عادت ہے جو ارتقائی عمل کے نتیجے میں ان کے اندر پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے ایک ہزار سے زائد ایسے افراد کا آن لائن سروے کیا جنہوں نے نہ صرف بلیاں پالی ہوئی تھیں بلکہ وہ اپنی بلیوں کی عادتوں اور حرکات و سکنات کا روزانہ کم از کم تین گھنٹے تک مشاہدہ بھی کیا کرتے تھے۔ سروے سے پتا چلا کہ پالتو بلیوں کی غالب اکثریت نے اپنی پوری زندگی میں کم سے کم چھ مرتبہ گھاس ضرور کھائی تھی۔ زندگی میں ایک بار بھی گھاس نہ کھانے والی بلیوں کی تعداد بہت کم تھی۔سروے کے شرکاء نے انکشاف کیا گھاس کھانے والی بلیاں بظاہر بالکل تندرست تھیں لیکن ان میں سے بیشتر نے گھاس کھانے کے بعد الٹیاں کی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گھاس کھانے سے ان پر برے اثرات مرتب ہوئے تھے۔

تو پھر بلیاں گھاس کیوں کھاتی ہیں؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ہارٹ کا کہنا ہے کہ موجودہ بلیوں کے ارتقائی اجداد آج سے تقریباً پچاس لاکھ سال پہلے جنگلوں میں رہا کرتے تھے، جہاں انہیں دوسرے جنگلی جانوروں کی طرح پیٹ کے طفیلیوں (پیٹ کے کیڑوں) کا سامنا رہتا۔ یہ اوّلین بلیاں اگرچہ گوشت خور ہی تھیں لیکن پیٹ کے کیڑوں سے چھٹکارا پانے کےلیے کبھی کبھار گھاس کھا لیا کرتی تھیں جس سے ان کے معدے کے عضلات بہتر کام کرنے لگتے تھے اور فضلے (پاخانے) کے ساتھ ساتھ پیٹ کے طفیلیے بھی بہ آسانی خارج ہوجایا کرتے تھے۔

جہاں تک بلیاں پالنے کا تعلق ہے تو اس عمل کی تاریخ لگ بھگ 8000 سال پرانی ہے جبکہ ارتقاء کے نتیجے میں پیدا ہوجانے والی فطری عادت (جبلت) میں تبدیلی کےلیے یہ عرصہ بے حد مختصر ہے۔ پالتو بلیوں کو بالعموم پیٹ کے کیڑوں کا مسئلہ درپیش نہیں ہوتا لیکن پھر بھی وہ اپنی اسی ارتقائی جبلت کی وجہ سے کبھی کبھار گھاس کی طرف لپکتی ہیں، چاہے اسے کھانے کے بعد انہیں الٹی ہی کیوں نہ ہوجائے۔یعنی یہ کہا جاسکتا ہے کہ بلیاں اس لیے گھاس نہیں کھاتی کہ وہ بیمار ہوتی ہیں، بلکہ وہ اس لیے گھاس کھاتی ہیں کیونکہ وہ بیمار پڑنے سے محفوظ رہنا چاہتی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

10 جملوں میں لکھے حروف کو کم وقت میں گننے کا ریکارڈ

اربد: ایک اردنی شخص نے اپنی ریاضی کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے …