جمعہ , 19 اپریل 2024

فریال تالپور رات گئے ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی احتساب بیورو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور اتوار اور پیر کی درمیانی شب پولی کلینک ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا جس پر انہوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو(نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو 14جون کو گرفتار کیا تھا اور وہ اس وقت سے حراست میں ہیں۔فریال تالپور خرابی صحت کے سبب اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال میں زیر علاج تھیں اور ان کے وارڈ کو سب جیل قرار دیا گیا تھا۔

گرفتاری سے قبل ہسپتال انتظامیہ نے ان کی طبیعت کو غیرتسلی بخش قرار دیا تھا اور ڈاکٹروں نے مشورہ دیا تھا کہ دل کے عارضے میں مبتلا فریال تالپور کو مزید دیکھ بھال کی ضرورت ہے البتہ نیب اہل کاروں نے ڈاکٹروں کے مشورے کو ماننے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق جیل منتقلی سے قبل اسپتال میں ہونے کے باوجود نیب اہل کاروں نے خونی رشتوں کو میڈم فریال تالپور کی تیمارداری سے بھی روک دیا تھا۔بعدازاں انہیں اتوار اور پیر کی درمیانی شب اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا جس پر فریال تالپور نے شدید احتجاج کیا۔

فریال تالپور نے رات گئے گرفتاری پر صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون سا طریقہ ہے کہ ڈاکٹرز نے مجھے ہسپتال بھیجنے کا مشورہ دیا اور یہ مجھے اڈیالہ لے جا رہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ اسلام ہے، ان بیوی بچے والوں کو شرم آنی چاہیے کہ وہ رات کے 12بجے ایک عورت کو یہاں سے نکال رہے ہیں۔فریال تالپور نے کہا کہ نیب کا یہ اقدام مکمل طور پر غیرقانونی ہے اور خدا ان کو پوچھے گا، کیا یہ ان کا انصاف ہے؟ کیا ایک بیمار مریض کے ساتھ اس طرح کا رویہ روا رکھا جاتا ہے؟۔

‘فریال تالپور کی جیل منتقلی انتقامی سیاست کا حصہ ہے’
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فریال تالپور کو جیل منتقل کیے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سوال کیا کہ کون سا قانون اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ڈاکٹروں کی تجویز کے برخلاف ایک قیدی خاتون کو رات 12بجے جیل منتقل کردیا جائے؟۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عید کے موقع پر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فریال تالپور کو جیل منتقل کیا جانا انتقامی سیاست کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں قوانین کے ساتھ ہماری تہذیب اور روایات کی بھی دھجیاں اڑادی گئیں ہیں اور مسلسل عدالتوں کا سامنا کرنے والی بیمار قیدی خاتون کی یوں تذلیل قابل افسوس ہے۔بلاول کا کہنا تھا کہ یہ وقت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لانے کا تھا لیکن وزیر اعظم عمران خان کشمیر کی حساس صورت حال کے موقع پر انتقامی سیاست میں مصروف ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی فریال تالپور کو ڈاکٹروں کی تجویز کے برعکس آدھی رات کو جیل منتقل کرنے کے عمل کو قابل مذمت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ فریال تالپور ہر پیشی پرعدالت میں حاضر ہوتی رہیں لیکن اس کے باوجود آدھی رات کو انہیں ہسپتال سے جیل میں ڈالنا ظلم ہے۔واضح رہے کہ فریال تالپور کی گرفتاری سے چند دن قبل 10جون کو ان کے بھائی اور سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی نیب نے گرفتار کر لیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …