اتوار , 20 اکتوبر 2019

اسرائیلی جرائم پر رد عمل آتش فشاں بن کرپھٹ سکتا ہے: اسلامی جہاد

مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی جہاد نے خبردار کیا ہے کہ فلسطینی قوم کے خلاف قابض اسرائیل کے جرائم کا تسلسل اور مسلسل جارحیت خطے میں آتش فشاں بن کر پھٹ سکتا ہے۔ اسلامی جہاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاوے، غزہ کی مسلسل ناکہ بندی، فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری، غرب اردن میں قابض فوج کے دھاوے، فلسطینی اسیران کےحقوق کی پامالیاں اور روزانہ کی بنیاد پرجاری ریاستی دہشت گردی نے فلسطینی عوام میں سخت غم وغصہ پیدا کیا ہے۔ اگر یہ جرائم جاری رہتے ہیں تو اس کے نتیجے میں فلسطینیوں کا غم وغصہ آتش فشاں بن کرپھٹ سکتا ہے اور اس کے بعد کے حالات اور نتائج کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پرعاید ہوگی۔

اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ریاست کا جبرو تشدد اور طاقت کے استعمال کے وحشیانہ حربے فلسطینی قوم میں آزادی کے جذبے اور مزاحمت کی امنگ کو ٹھنڈا نہیں کرسکتے۔ فلسطینی قوم کے خلاف صہیونی ریاست کے جرائم خود صہیونی دشمن کے لیے وبال ثابت ہوں گے۔

اسلامی جہاد نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں چار فلسطینیوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کو فلسطینیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔خیال رہےکہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں فائرنگ کرکے چار فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

اعلیٰ تربیتی معیار پر پاک فوج کو فخر ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

کراچی: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے …