جمعرات , 25 اپریل 2024

بھارت پاکستان کے خلاف آبی جارحیت پر اتر آیا: پاکستانی دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت اب پاکستان کے خلاف آبی جارحیت پر بھی اتر آیا اور شیڈول کے بغیر ہی دریاؤں میں پانی چھوڑ دیا جس کے سبب دریائے سندھ سمیت دیگر دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے جس کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ ہے۔بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے سے گنڈا سنگھ کے مقام سے پانی کا بڑا ریلا گزرے گا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ریلا ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک سے لے کر ایک لاکھ 75 ہزار کیوسک تک ہوسکتا ہے جس کا 19 اگست کو صبح 11 بجے تک گنڈا سنگھ پہنچنے کا امکان ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر منیجمٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو اس خطرے سے متعلق مراسلہ بھی جاری کردیا جس میں متعلقہ محکموں کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کرنے کا مقصد بھاری جانی و مالی نقصان سے بچنا ہے۔خیال رہے کہ بھارت ہر سال مون سون کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تعمیر ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد شیڈول کے مطابق پانی چھوڑ دیتا ہے۔

بھارت کی جانب سے چھوڑا ہوا پانی دریائے ستلج، راوی اور چناب میں آتا ہے جس سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگتی ہے۔تاہم پاکستان کے پاس اچانک آنے والے اس پانی کے ریلے سے نبرد آزما ہونے کا انتظام موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے دریاؤں سے متصل کئی دیہات زیر آب آجاتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عارضی جنگ بندی میں توسیع کیلئے کوششیں جاری ہیں: انٹونی بلنکن

برسلز: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل ، فلسطین تنازع کے معاملہ پر کہا …