جمعہ , 19 اپریل 2024

پاکستان کے تمام قوانین کی تفصیلات وزارت قانون کی ویب سائٹ پر شائع

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت قانون کی جانب سے لوگوں کی آسانی کے لیے پاکستانی قوانین ویب سائٹ پر جاری کردیے گئے ہیں اور قیام پاکستان سے جمع شدہ آرکائیو کی اشاعت کے لیے ایپ جاری کرنے کا بھی اعلان کردیا گیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم نے اپنی وزارت کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی بتائی اور مدد کی منتظر خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی ایکشن پلان متعارف کروایا۔

فروغ نسیم نے بتایا کہ سول پروسیجر کا ترمیمی بل قائمہ کمیٹی برائے قانون نے پاس کردیا جس کی 2 اپوزیشن اراکین نے مخالفت کی جبکہ 3 نے حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ اس ترمیم کے بعد دیوانی مقدمات جو پہلے 30 سے 40 سال کے دوران ہوا کرتے تھے اب ایک سے ڈیڑھ سال میں ہوجائیں گے۔

ڈاکٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ پاکستان کے تمام قوانین کی تفصیلات وزارت قانون کی ویب سائٹ پر شائع کردی گئی ہیں جس کے لیے اب کتابیں خریدنے اور لائبریری جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ یہ 1946 سے لے کر 2018 تک پاکستانی قوانین کی آرکائیو بھی تیار کرلی گئی ہے جس کے لیے وزیراعظم عمران خان یا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وقت لینے کے بعد لاؤنچ کی جائے گی۔

بعد ازاں انہوں نے لا ڈویژن کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت نے اس عرصے میں 22 قوانین کا مسودہ تیار کیا جس میں سے 7 منظور ہوئے اور 8 آرڈیننس ہیں جبکہ 7 ایسے ہیں جو مختلف کمیٹیز میں موجود ہیں جن کا منظور کیا جانا باقی ہیں۔وزیر قانون نے بتایا کہ پارلیمانی سیکریٹری اور وزارت قانون نے مل کر مدد کی منتظر خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی ایکشن پلان تیار کیا ہے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ وراثت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں 3 سے 7 سال تک کا عرصہ لگ جاتا تھا، تاہم نئے قانون کے متعارف کروائے جانے کے بعد یہ سرٹیفکیٹ 15 روز کے اندر جاری کیا جاسکے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں تبدیلی کے لیے اصلاحات متعارف کروائی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو مسائل سے نکالنے کا عزم کیا ہے اور تحریک انصاف پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لیے اقتدار میں آئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …