جمعہ , 22 نومبر 2019

مودی کی بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ہونے والے مظاہروں پر برطانوی وزیراعظم سے شکایت

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ہونے والے مظاہروں پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے شکایت کردی۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی کے خلاف گزشتہ ہفتے بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر ہزاروں افراد نے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کیا تھا جنہوں نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے۔

احتجاج کے حوالے سے نریندر مودی کے حمایتی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مظاہرین نے بھارتی خواتین اور بچوں پر بوتلیں اور انڈے مارے تھے جبکہ برطانوی حکام انہیں روکنے میں ناکام رہے۔

دوسری جانب لندن پولیس نے بتایا کہ پولیس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور جارحانہ ہتھیار رکھنے پر 4 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔برطانوی وزرات داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’اپنی گفتگو میں انہوں نے ایک بڑے ہجوم کے ہاتھوں لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے خلاف یومِ آزادی پر ہونے والے تشدد اور توڑ پھوڑ کا حوالہ دیا‘۔

بیان میں بتایا کہ وزیراعظم بورس جانسن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ہائی کمیشن، اس کے عملے اور وہاں آنے والے افراد کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے‘۔

اس موقع پر نریندر مودی نے بورس جانس کو بتایا کہ ’دہشت گردی بھارت اور یورپ دونوں کے لیے مسئلہ ہے اور اس لڑنے کے لیے کارروائی کرنی پڑی‘۔وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق نریندر مودی نے داعش کے پھیلاؤ کے خطرے کے تناظر میں بنیاد پرستی، عدم برداشت اور تشدد کے خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

خیال رہے کہ نریندر مودی کی جانب سے آئین میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا مطلب یہ ہے کہ کشمیر میں صرف کشمیریوں کی جائیداد کا حق ختم اور اب وہاں کوئی بھی بھارتی شہری وہاں جائیداد سمیت سرکاری ملازمتیں اور کالجوں میں داخلہ لے سکتا ہے۔بھارتی حکومت کے مذکورہ اقدام کے بعد پاکستان میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور اسلام آباد نے امریکا، برطانیہ اور دیگر عالمی طاقتوں سے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بھارت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل کا ایران پر مزید دباؤ بڑھانے کا مطالبہ

تل ابیب: اسرائیل کے وزیر خارجہ اسرائیل کیٹس نے ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات …