جمعہ , 19 اپریل 2024

پریانکا چوپڑا سے خیر سگالی سفیر کا عہدہ واپس لیا جائے، شیریں مزاری کا یونیسیف کو خط

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے چلڈرنز فنڈ (یونیسیف) کے سربراہ کو خط لکھ کر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑی کے جنگ کی حمایت میں بیان دینے پر خیر سگالی سفیر کے عہدے سے برطرف کرنے کی درخواست کردی۔ان کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا جب رواں ماہ کے آغاز میں پریانکا چوپڑا سے پاکستانی نژاد امریکی خاتون عائشہ ملک نے رواں برس فروری میں بھارتی فوج کی حمایت میں کیے جانے والے ٹوئیٹ پر سوال کیا تھا۔

عائشہ ملک نے اداکارہ سے سوال کیا کہ انہوں نے رواں برس فروری میں ٹوئیٹ کے ذریعے بھارتی فوج کی حمایت کی اور مبینہ طور پر وہ دونوں ممالک میں نیوکلیئر جنگ کی خواہاں ہیں؟جواب میں جنگ کی خواہش کے سوال پر پریانکا چوپڑا نے کہا تھا کہ ‘وہ ایک محب وطن بھارتی ہیں’۔

یونیسیف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریتا ایچ فور کو لکھے گئے خط میں شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر میں جاری کشیدگی کی نشاندہی کی اور کہا کہ یہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کا عالمی کنوینشن کی خلاف ورزی کی وجہ سے پیش آیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت کی ہندو قوم پرست جماعت کی قیادت میں حکومت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘مقبوضہ فورسز نے خواتین اور بچوں کے خلاف پیلٹ گن کے استعمال کو بھی بڑھا دیا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے، نریندر مودی کی حکومت کی پالیسی جرمن نازیوں کے نسل کشی اور نسل پرستی کے نظریے سے ملتی جلتی ہے’۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ پریانکا چوپڑا جو 2016 میں یونیسیف کی عالمی خیر سگالی سفیر نامزد ہوئی تھیں نے عوامی سطح پر بھارتی حکومت کے ان اقدامات کو سراہا ہے اور پاکستان کو بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے ملنے والے جوہری حملے کی دھمکی کی بھی حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ تمام باتیں امن اور خیرسگالی کے اصولوں کے منافی ہیں، اداکارہ کی جنگ جوئی کی حمایت نے ان کی اقوام متحدہ کے نمائندے ہونے پر سوال کھڑا کر دیا ہے۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ‘اگر انہیں فوری طور پر نہیں ہٹایا جاتا تو اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر برائے امن کا نظریہ عالمی سطح پر مزاق بن جائے گا’۔انہوں نے یونیسیف کے سربراہ سے پریانکا چوپڑا سے سفیر کا عہدہ فوری طور پر واپس لینے پر زور دیا۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …