جمعہ , 19 اپریل 2024

شاہ محمود کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ:کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک اور ناروے کے وزرائے خارجہ کو ٹیلی فون کیا اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ ڈنمارک کے ہم منصب جیب کوفوڈ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر آئینی اقدام کیا اور رد عمل دبانے کے لیے 5 اگست سے کرفیو کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ کر رکھا ہے، بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے۔ ڈنمارک نہتے کشمیریوں کی مشکلات میں کمی اور کرفیوکے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، دنوں ملک علاقائی کشیدگی سے بچنے کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ناروے کی ہم منصب اینہ اریکسون سے کو بھی ٹیلی فون کیا اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ناروے کی وزیر خارجہ نے کہا کہ خواہش ہے کہ فریقین مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے پرُ امن حل کی جانب پیشرفت کریں۔ خطے میں قیام امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا مستقل حل ضروری ہے، پاک، بھارت آمادہ ہوں تو ناروے مصالحتی کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …